نمیرہ محسن 311

کیا آپ جانتے ہیں کہ قتل کو حرام کرنے کی ایک بڑی وجہ ایسی بھی ہے کہ جس پر ہم نے کبھی غور ہی نہیں کیا۔

کیا آپ جانتے ہیں کہ قتل کو حرام کرنے کی ایک بڑی وجہ ایسی بھی ہے کہ جس پر ہم نے کبھی غور ہی نہیں کیا۔
بسا اوقات ایک شخص بے حد شیطان فطرت اور فسادی ہوتا ہے۔ یہ بھی ممکن ہے کہ وہ اپنا کوئی بے حد قریبی شخص ہو۔ اور اس نے آپ کے پیارے کو قتل کیا ہو۔ آپ گواہ ہیں لیکن اس کو بھی پھانسی گھاٹ پر لٹکتا نہیں دیکھ سکتے۔
آپ کو اللہ کی طرف سے ہر بار اس کی جان بچانے پر مامور کیا جاتا ہو اور آپ سر جھکا کر یہ حکم بجا لاتے ہوں۔
کئی بار آپ کا جی چاہے کہ یہ جو دنیا کے سامنے اتنا عزت دار بن کر باتیں بنا رہا ہے اور جس کو اس نے مارا ہے اس کی دن رات خدمت کرنے کے جھوٹے قصے سنا رہا ہے اس پر کوئی اللہ کا عذاب گر جائے یا پتھر سے اس کا سر کچل دوں۔ مگر آپ اللہ سے ڈر جاتے ہیں، اس ایک ملاقات کی خاطر جو جنت میں بخشی جائے گی، اس ایک جھلک کی خاطر جو آپ کی نگاہوں کو پر نور کردے گی۔ صدیوں سے بلکتا دل آسودہ ہوگا ، یہ سب سوچ کر باوجود موقع اور قدرت ہونے کے رک جاتے ہیں۔ فیصلہ اللہ پر چھوڑتے ہیں۔ اسی لمحے سے اللہ کی رضا حاصل ہونا شروع ہو جاتی ہے۔
جس کو آپ نا پسند کرتے ہیں اس کی بھی ایک مدت خالق نے لکھ رکھی ہے۔ اس مالک کا اپنا نظام ہے۔ اس کی عدالت کےفیصلے اپنے ہاتھ میں لینا، دوسرے کی زندگی ختم کر کے سکون کا سانس لینا، اپنی خوشی میں حائل رکاوٹیں بے دردی سے اڑا دینا قطعی بے وقوفی ہے۔
قتل اللہ کے نظام میں رکاوٹ ڈالنا اور شرک ہے۔
کیا عجب ہو کہ جو آپ کو پسند نہیں وہ اللہ کو محبوب ہو۔ جسے آپ معاف نہیں کر پا رہے ، انصاف کو اپنے ہاتھ میں لینے کے بعد وہ مظلوم ٹھہرے، اللہ اسے معاف کردے اور آپ دھر لیے جائیں؟
یہاں یہ بات بھی غور طلب ہے کہ اللہ نے اس کی کوئی سزا سوچ رکھی ہے، اس کو دنیا کے سامنے عبرت کی صورت پیش کرنا چاہتا ہے تو یہ قطعی نا مناسب ہے کہ کوئی خاکی اس نوری و خالق و مالک کائنات کے راستے میں حائل ہو۔
قتل نظام الہی میں بے جا اور انتہائی ہولناک مداخلت ہے۔
بچیے ہر طرح کے قتل سے۔
سماجی، محسوساتی، ذہنی، دماغی، معاشرتی اور جسمانی سب اس قتل کی طرح ہی باعث جہنم ہیں جو لوگوں کی نظر میں آجائے اور قتل کہلائے۔
اس میں وہ خودکشی بھی شامل ہے جو ہمارے رویوں سے لوگوں کو زندگی سے مایوس کر دیتی ہے۔
بچ کر چلیے اور مسکراتے ہوئے اللہ کی جنتوں میں داخل ہو جائیے وہاں سب بدلہ خوب مل جائے گا۔ آپ کا نقصان بھر دیا جائے گا۔
غمگین نہ ہوں۔ آزردہ خاطر کیوں ہیں کہ جب آپ کا رب زندہ و جاوید، اپنے عرش پر پوری قدرت کے ساتھ قائم اور منصف واحد ہے۔
حکم بجا لائیے، سفر کی تیاری پوری رکھیے اور رنج سے دل کو بچائیے۔
خیر اندیش
نمیرہ محسن
نومبر 2023۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں