ڈاکٹر ریاض چوہدری کے اعزاز میں مشاعرہ 119

ڈاکٹر ریاض چوہدری کے اعزاز میں مشاعرہ

خصوصی رپورٹ/اعجاز احمد طاہر اعوان

مجلسِ پاکستان کے زیراہتمام صدر حلقہء فکروفن ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کے اعزاز میں محفلِ مشاعرہ منعقد ہوا –
مشاعرہ کی صدارت مجلسِ پاکستان کے صدر رانا عبدالرؤف نے کی اور مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری تھے جبکہ نظامت کے فرائض رانا عمر فاروق نے ادا کیے۔ اور اپنے مخصوص انداز میں پروگرام کی عمدہ طریقے سے اس ادبی سفر کو سر انجام دیا – رانا عمر فاروق نے پروگرام کا آغاز کرتے ہوئے ڈاکٹر ریاض چوہدری صاحب جو مجلس پاکستان کے بانی ارکان میں سے ہیں انکی خدمات کو سرا ہا اور بطور صدر حکقہء فکروفن اردو ادب کے فروغ کے لئے ان کی لاجواب خدمات کا احاطہ کرتے ہوئے انکے کاشانہء ادب میں خوبصورت ادبی محفلوں کا ذکر کیا –
مشاعرہ کا آغار قلب عباس صاحب نے نعت رسول مقبول صلعم سے کیا ان کے نعتیہ کلام سے لوگ عش عش کر اٹھے –
شعرائے فکروفن وقار نسیم وامق، سید طیب رضا کاظمی، کامران حسانی، ظفر اقبال، قلبِ عباس، توصیف احمد اور دیگر شامل تھے جنہوں نے اپنی شاعری اور غزلوں سے محفل کی رونق کو چار دن لگا دئے -جسے سامعین نے خوب داد دی اور ہر ایک شاعر کی غزلوں کو جوش اور جذبہ سے بے حد سراہا – مقررین میں وقار نسیم وامق نے حلقہ ء فکروفن اور اس کے صدر ڈاکٹر محمد ریاض چوہدری کی عزت افزائی پر مجلس پاکستان کا بے حد شکریہ ادا کیا اور حلقہء فکروفن کی ڈاکٹر ریاض چوہدری کی سرکردگی میں اردو ادب کے فروغ کےلئے خدمات پر روشنی ڈالی اور کاشانہء ادب کے پروگراموں پر سیر حاصل بحث کی۔ اس سے قبل اویس قاسم صاحب نے قرار داد مقاصد اور تعمیر پاکستان پر اپنا مطالعہ پیش کیا جنہوں نے قرار داد مقاصد کا بہتریں تجزیہ پیش کر کے بتایا کہ اگر ان نقاط پر عمل ہوتا تو پاکستان ترقی کی بہت سی منازل طے کر چکا ہوتا – قاضی اسحاق میمن نے ایک تاریخی جائزہ پیش کیا اور مجلس پاکستان کے مقام کو اجاگر کیا -مخدوم امین تاجر نے ڈاکٹر ریاض چوہدری کی علمی ادبی خدمات کو بے حد سراہا اور حلقہء فکروفن اور مجلس پاکستان کے تعاون سے بے شمار پروگراموں کا جائزہ پیش کیا –
مہمان خصوصی ڈاکٹر ریاض چوہدری نے مجلس پاکستان اور انکے اکابرین کا دلی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے مجھے یہ اعزاز بخشا اور اتنی خوبصورت محفل سجائی – ڈاکٹر صاحب نے کہا کہ مجلس پاکستان نے ریاض شہر میں موجود دوسری تنظیموں کے درمیان ایک تعاون کی فضا قائم کی اور سب کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کیا -اسی لئے اسے تمام تنظیموں کی ماں کہلانے کا بھی اعزاز حاصل ہوا-
صدر مجلس پاکستان رانا عبدالرؤف نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا انہوں نے ڈاکٹر ریاض چوہدری کی مجلس پاکستان اور حلقہء فکروفن میں گذشتہ کئی دہائیوں پر مشتمل علمی ادبی خدمات کو بے حد سراہا اور کہا آج انکے اعزاز میں پروگرام ہمارے لئے فخر کی بات ہے – مجلس پاکستان جو ایک سیاسی ، فلاحی اور ثقافتی تنظیم ہے نے ہر فیلڈ میں پاکستانی کمیونٹی کی خدمات سر انجام دے رہی ہے ۔سکول کے غریب بچوں کی فیس سے لے کر کیمپوں میں مزدوروں کو راشن کی ترسیل تک مجلس اپنا فرض سمجھتی ہے – یہ ایک لوئر مڈل کلاس لوگوں کی تنظیم ہوتے ہوئے ایسے ہی لوگوں کی خدمات پر مامور ہے – آخر میں عمدہ کھانے سے مہمانوں کی تواضع کی گئی –

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں