اہم خبریںبین الاقوامیپاکستانتصاویر اور مناظرصحتملٹی میڈیا

سفارت خانہ پاکستان میں پاکستان ڈاکٹرز گروپ ریاض (PDGR) کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا

جس میں مختلف شعبۂ صحت سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور رضاکاروں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔

الریاض سعودی عرب عالم خان مہمند : پی این نیوز ایچ ڈی

سفارت خانہ پاکستان میں پاکستان ڈاکٹرز گروپ ریاض (PDGR) کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا، جس میں مختلف شعبۂ صحت سے تعلق رکھنے والے پاکستانی ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل اسٹاف اور رضاکاروں نے بھرپور انداز میں شرکت کی۔ کیمپ میں 600 سے زائد مریضوں کا مفت چیک اَپ، ضروری لیب ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی گئیں، جبکہ کمیونٹی کی جانب سے اس عظیم خدمت کو بے حد سراہا گیا۔

تقریب میں سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے خصوصی طور پر شرکت کی اور کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانی ڈاکٹرز کمیونٹی خدمتِ خلق کی بہترین مثال پیش کر رہی ہے۔ انہوں نے فری کیمپ کے انعقاد پر ڈاکٹر محمد شہزاد، ڈاکٹر اسد اللہ رومی اور پوری PDGR ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ تعریف قرار دیا۔

ڈاکٹر بشیر نے کہا کہ اس قسم کی سماجی سرگرمی تمام پاکستانی ڈاکٹرز کریں تاکہ کمیونٹی کے لوگ مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے خود کہا کہ میں کمیونٹی کو اپنی خدمات فراہم کرنے کے لیے ہمیشہ تیار ہوں۔

صدر PDGR ڈاکٹر محمد شہزاد نے بتایا کہ کیمپ کا مقصد کمیونٹی کو ایک ہی جگہ جامع صحت کی سہولیات فراہم کرنا تھا۔ ماہرینِ امراضِ قلب، گردے، دانت، گائینی، آرتھوپیڈکس، جنرل میڈیسن اور بچوں کے شعبے سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹرز نے بڑی تعداد میں مریضوں کا معائنہ کیا اور رہنمائی فراہم کی۔

پاکستان حج والینٹر گروپ (PHVG) اور پاکستان انٹرنیشنل سکول ریاض (PISR) کے طلبا و طالبات کی خدمات بھی نمایاں رہیں۔
رضاکاروں نے مریضوں کی رہنمائی، رجسٹریشن، لائن مینجمنٹ، وہیل چیئر اسسٹنس، پانی و دیگر سہولیات کی فراہمی میں بھرپور کردار ادا کیا، جس کی بدولت کیمپ کا انتظام نہایت منظم اور مؤثر رہا۔ طلبا و طالبات نے خدمتِ خلق کے عملی جذبے کا ثبوت دیتے ہوئے ہر مرحلے میں انتظامیہ کی معاونت کی، جسے شرکاء نے بھرپور سراہا۔

شرکاء نے فری کیمپ کو پاکستانی کمیونٹی کے لیے ایک مثالی اقدام قرار دیا اور کہا کہ ایسے اقدامات معاشرتی خدمت کے فروغ کے لیے نہایت ضروری ہیں۔ PDGR نے اعلٰان کیا کہ وہ مستقبل میں بھی اس طرح کے کیمپس کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد تک صحت کی سہولتیں پہنچائی جا سکیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے