بین الاقوامیبین الاقوامی خبریںتصاویر اور مناظرتعلیمملٹی میڈیا

جدہ، معروف صحافی ملک کامران سرور کا پاکستان ایمبیسی اسکول کا دورہ

اسٹاف رپورٹ: پی این نیوز ایچ ڈی

سعودی عرب کے شہر جدہ میں معروف صحافی و اینکر پرسن ملک کامران سرور نے پاکستان ایمبیسی اسکول جدہ کا دورہ کیا، جہاں ان کی اسکول کے پرنسپل سر عتیق الرحمن سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ ملاقات کے دوران اسکول کے تعلیمی، انتظامی اور ترقیاتی امور پر جامع گفتگو کی گئی۔

اس موقع پر پرنسپل عتیق الرحمن نے اسکول کی مجموعی کارکردگی، تعلیمی معیار اور مستقبل کے منصوبوں کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ وہ گزشتہ 32 برس سے پاکستان ایمبیسی اسکول میں اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں اور اپنی محنت، لگن اور خلوص کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی اور ادارے کی خدمت کو اپنا اعزاز سمجھتے ہیں۔

عتیق الرحمن کا کہنا تھا کہ ان کی اولین ترجیح اسکول میں زیر تعلیم تمام بچوں کو جدید تقاضوں کے مطابق معیاری تعلیم اور جدید سہولیات فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول میں ڈیجیٹل لیب قائم کی جا چکی ہے جبکہ طلبہ کی تعلیمی استعداد میں اضافہ کرنے کے لیے کئی نئے سیکشنز بھی متعارف کروائے گئے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا اور عالمی معیار کی تعلیم فراہم کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایمبیسی اسکول سے تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ آج دنیا کے مختلف ممالک میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں، جو ادارے کے لیے باعثِ فخر ہے۔ ان کے مطابق بچوں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم دینا اسکول کے منشور کا اہم حصہ ہے، جس کے لیے اساتذہ اور انتظامیہ بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔

عتیق الرحمن نے اس بات پر بھی زور دیا کہ پاکستان ایمبیسی ریاض اور پاکستان قونصلیٹ جدہ کی جانب سے اسکول کو مکمل تعاون حاصل ہے، جس کی بدولت تعلیمی سرگرمیوں اور سہولیات کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔ اس وقت پاکستان ایمبیسی اسکول جدہ میں چھ ہزار سے زائد طلبہ زیرِ تعلیم ہیں، جو ادارے پر پاکستانی کمیونٹی کے اعتماد کا واضح ثبوت ہے۔

معروف صحافی ملک کامران سرور نے اسکول کی تعلیمی خدمات، نظم و ضبط اور جدید سہولیات کو سراہتے ہوئے پرنسپل اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان ایمبیسی اسکول جدہ مستقبل میں بھی بیرونِ ملک پاکستانی بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں اپنا مؤثر کردار ادا کرتا رہے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے