بھارتی فلم لیاری کے خلاف منفی پروپیگنڈا ہے، شرجیل انعام میمن
اسٹاف رپورٹ :پی این نیوز ایچ ڈی
سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے بھارتی فلم دھریندر پاکستان کو پاکستان، بالخصوص لیاری کے خلاف منفی پروپیگنڈے کی ایک اور مثال قرار دیا ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ لیاری کو تشدد اور بدامنی سے جوڑنا حقائق کے منافی ہے، کیونکہ لیاری درحقیقت ثقافت، امن، صلاحیت اور حوصلے کی علامت ہے۔
شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ لیاری نے ہمیشہ کھیل، فنونِ لطیفہ اور سماجی ہم آہنگی کے میدان میں ملک کا نام روشن کیا ہے، تاہم بعض حلقے جان بوجھ کر اس علاقے کی منفی تصویر پیش کرنے کی کوشش کرتے رہے ہیں۔
سینئر وزیر سندھ نے مزید بتایا کہ اگلے ماہ ریلیز ہونے والی فلم ’’میرا لیاری‘‘ لیاری کا حقیقی اور مثبت چہرہ دنیا کے سامنے لائے گی، جس میں امن، خوشحالی اور فخر کی جھلک نمایاں ہوگی۔ ان کے مطابق یہ فلم نہ صرف لیاری کے عوام کے جذبات کی ترجمانی کرے گی بلکہ منفی تاثر کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔




