World Peace Group from Korea 176

عالمی امن گروپ برائے خواتین کی جانب سے سعودی امن سفیر نمیرہ محسن کی سربراہی میں تار برقی پر مقابلہء مصوری” آو دوست بن جائیں” کا انعقاد

رپورٹ : سیدہ نمیرہ محسن شیرازی دمام سعودی عرب

عالمی امن گروپ برائے خواتین کی جانب سے سعودی امن سفیر نمیرہ محسن کی سربراہی میں تار برقی پر مقابلہء مصوری” آو دوست بن جائیں” کا انعقاد
سعودیہ سے مختلف اسکولوں کی بھرپور شرکت
موسم گرما کی تعطیلات میں گرمی سے ستائے اور گھروں میں محبوس بچوں کو کوریا سے عالمی امن گروپ نے ایک زبردست موقع فراہم کیا۔
جون کے آخری ہفتہ میں انٹرنیشنل گروپ برائے خواتین کوریاگلوبل خطہ خلیج 2 سے امن کی سفیر نمیرہ محسن کی قیادت میں ایک آن لائن مقابلہء مصوری کا انعقاد کیا گیا۔ اس مقا بلہ میں سعودی عرب کے شہروں دمام، جبیل اور ریاض سے مختلف اسکولوں کے بچوں نے شرکت کی۔ کوئی مقابلہ ہو اور وہ بھی امن سے متعلق تو کون نہ آگے بڑھے۔ والدین اور بچوں کا جوش و خروش دیدنی تھا۔ اس تقریب سے ایک روز قبل تمام شرکاء کی ٹریننگ کے لیے سیدہ فاطمہ ذوالنون ( شاگرد انٹرنیشنل گروپ دمام) نے ایک گھنٹے کا ریہرسل اور تعارفی پروگرام ترتیب دیا۔
تقریب کا دورانیہ تقریبا 3 گھنٹے تھا جس میں مختلف ممالک سے ماہرین کے پیغامات عالمی ذریعۂ ابلاغ کی مدد سے نشر کئے گئے۔ ان شخصیات میں سعودی عرب سے چئروومن ایڈیپٹ کلب ،امن سفیر و ماہر تعلیم سیدہ نمیرہ محسن ، یمن سے تہذیب و تمدن کی چئر وومن انیس عباس ،عراق سے انسانی حقوق کی صدر وردہ شامل تھیں۔ تقریب کا ہدف حالیہ جنگیں ، ان سے ہونے والا نقصان اور ان کا فوری اختتام تھا۔ تمام شرکاء نے اپنے پیغامات میں امن کو تباہی سے دوچار کرنے والے جنگ جیسے خونی اور کریہہ عمل کی شدید مذمت کی۔ سیدہ نمیرہ محسن نے خاص طور پر اپنے فلسطینی بچوں کے لیے پیغام میں ان کی بہادری اور جرآت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ماں ایسی نہیں جو تمہارے لیے آدھی رات کو روتی نہ ہو۔ تم اکیلے نہیں ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ ہماری نظر میں اس وقت سب سے ضروری ایسی جنگ کا شکار بچوں کی دماغی صحت ہے۔ مسلسل جنگ انسانی ذہن سے امن کا تصور اور امید چھین لیتی ہے ۔ سعودی عرب سے شریک ہونے والے طلباء میں محمد اسید
طالبعلم چھٹی جماعت الخبر انٹرنیشنل اسکول، محمد اسد طالبعلم چوتھی جماعت الخبر انٹرنیشنل اسکول ،زینب طالبعلم ساتویں جماعت جناح ہائی اسکول سسٹم ریاض ،سیدہ فاطمہ ذوالنون طالبعلم دسویں جماعت امریکن ایمبیسی اسکول دمام، محمد سعد طالبعلم پہلی جماعت الخبر انٹرنیشنل اسکول،منتشا شکیل بیگ طالبعلم پہلی جماعت انڈین انٹرنیشنل اسکول دمام، اورسید ارمغان زیدی طالبعلم تیسری جماعت مڈل ایسٹ انٹرنیشنل اسکول ریاض نے شرکت کی اور اپنے فن کے جوہر دکھائے۔ مڈل ایسٹ میں پہلی پوزیشن دختر پاکستان،فن مصوری کا ایک ابھرتا ستارہ دمام امریکن ایمبیسی اسکول کی سیدہ فاطمہ ذوالنون نے حاصل کیا۔ دوسرا انعام میری ربع نے شام سے، تیسرا انعام سماح سامر انور نے یمن سے حاصل کیا۔ انعام حوصلہ افزائی لینے والوں میں محمد اسد سعودی عرب سے ، فارمہ جمال دانہ لیبیا سے، عابدہ امتیاز اسماعیل رحمتہ اللہ یمن سے شامل ہیں ۔ ایڈیپٹ وومن کلب گزشتہ دو دھائیوں سے خواتین ، نوجوانوں اور بچوں کی تربیت میں پیش پیش رہا ہے۔ مقابلے میں شامل طلباء اور ان کے والدین نے اس سرگرمی کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ مستقبل قریب میں ایسے مزید پروگراموں کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں