پاکستان کلب بحرین کے زیراہتمام " صوت الخليج مشاعرہ " کا انعقاد کیا گیا 95

پاکستان کلب بحرین کے زیراہتمام ” صوت الخليج مشاعرہ ” کا انعقاد کیا گیا

الریاض جویریہ اسد رپورٹ (تازہ اخبار،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

سعودی عرب سمیت دیگر ممالک سے شعراء حضرات نے بھر پور شرکت کی دنیا کے تمام ممالک تہذیب و تمدّن سے مالا مال ہیں اور وہاں کے رہنے والے نفوس اپنی اپنی تہذیبوں پر فخر کرتے ہیں، اپنی اپنی ثقافت پر ناز کرتے ہوئے دوسرے ممالک میں اس کا اظہار کرتے ہیں اور بعض اوقات ثقافتی طائفوں کی صورت میں اسے پیش بھی کرتے ہیں اور مزے کی بات یہ ہے بہت کم ایسا ہوتا ہے کہ کسی بھی خطّے کی ثقافت ، تہذیب کسی دوسرے خطّے کے مقابل ہو۔ لیکن میرے خیال میں ایک تہذیب ایسی ہے جو کہ تمام ممالک میں مشترک ہے اور وہ ہے شعر وسخن۔ پاک و ہند میں یہ ورثہ بہت مقبول ہے ، اسی طرح جس طرح امریکہ یا یورپ میں مقبول ہے۔ شاعری نے قوموں کی تقدیر بدلنے میں اہم کردار ادا کیا ہے ، دنیا کی کوئی بھی آزادی کی تحریک ایسی نہیں کہ جس میں شاعروں کا حصہ نہ ہو،پاکستان اس کی زندہ مثال ہے ، حضرتِ اقبال ؒکی شاعری نے سوئے ہوئے مسلمانوں میں ایک نئی روح پھونکی اور قائدِ اعظم کی بے مثال قیادت میں دنیا کے نقشے پر ایک ملک( مملکتِ خداداد پاکستان ) کا قیام اسی ادب کی ایک کڑی ہے ۔
بحرین میں پچھلے چند سالوں سے نوزائیدہ ادبی تنظیم “اردو مرکز بحرین ” نے بہت کم عرصے میں ادبی دنیا میں اپنا منفرد مقام بنایا ہے لاتعداد شعری نشستیں بین الاقوامی مشاعروں کے علاوہ بین الخلیجی مشاعروں کے انعقاد نے بحرین کی ادبی فضا کو پاک وہند کے علاوہ پورے خلیج میں معروف کیا ہے اور اسی سلسلے کو آگے بڑھاتے ہوئے بحرین کے قومی دن کے پُر مسرت موقع پر مذکورہ تنظیم نے پاکستان کلب بحرین کے تعاون سے ایک ’’صوت الخلیج مشاعرہ‘‘ کے عنوان سے بحرین کے معتبر و معروف اور بزرگ شاعر جناب رخسار ناظم آبادی کی صدارت میں ایک پُر وقارتقریب کا اہتمام پاکستان کلب بحرین میں کیا جس میں سعودیہ ، کویت کے شعرا کو مدعو کیا گیا علاوہ ازیں بحرین کے شعراء نے تقریب کے رنگ کو مزید نکھارا مشاعرہ کی نظامت کے فرائض اردو مرکز بحرین کے سرپرست اعلیٰ خرم اقبال عباسی نے ادا کئے، مہمانِ خصوصی بحرین کے معروف بینکار عزیز ہاشمی تھے کثیر تعداد میں حاضرین نے مشاعرے میں شرکت کرتے ہوئے شاعروں کو خوب داد سے نوازا۔ قارئینِ پرنٹ میڈیا کے ادبی ذوق کی تسکین کے لئے مشاعرے میں شریک شاعروں جن میں رخسار ناظم آبادی (صدرِ مشاعرہ) احمد عادل ؛ صابر امانی (سعودیہ) منصور محبوب چوہدری عماد بخاری (کویت) شاہد خیالوی (سعودیہ) اقبال طارق ؛ریاض شاہد ، سعید سعدی ؛ اسد اقبال ؛ نعیم رضا مقبول ؛ اویس رسول ، اور دیگر نے اپنا اپنا کلام سنا کر حاضرین کو خوب محظوظ کیا اور داد وصول کی اس طرح ایک خوبصورت شام کا اختتام ایک پر تکلف عشائیے سے ہوا تمام حاضرین اور شعراء نے خوبصورت مشاعرے منعقد کرنے پر پاکستان کلب بحرین کے تمام عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے خراج تحسین پیش کیا.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں