پاکستان اور ارجنٹائن کے مابین 70 سالہ سفارتی تعلقات کی تکمیل پر شجر کاری کی تقریب۔ 263

پاکستان اور ارجنٹائن کے مابین 70 سالہ سفارتی تعلقات کی تکمیل پر شجر کاری کی تقریب

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

پاکستان اور ارجنٹائن کے درمیان سفارتی تعلقات کی کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور ارجنٹائن کے سفیر لیپولڈو فرانسسکو ساہورس نے آج اسلام آباد کے ارجنٹینا پارک میں منعقدہ تقریب میں یادگاری پودے لگائے۔
تقریب میں وفاقی وزیر سید فخر امام، وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی محترمہ زرتاج گل، و دیگر اہم سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ارجنٹینا کے مابین گذشتہ 70 سالوں میں دو طرفہ تعلقات وسعت پذیر ہونے جو باہمی اعتماد، احترام اور تعاون کا مظہر ہیں۔ پاکستان اور ارجنٹینا کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ادارہ جاتی میکانزم کا کردار انتہائی اہم ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے مشترکہ کمیشن موجود ہے۔ 20 مئی 2021 کو منعقد ہونے والی ہماری آخری میٹنگ کے دوران ،ہم نے زراعت ، دواسازی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی شعبوں پر مشترکہ ورکنگ گروپ بنانے پر اتفاق کیا تاکہ مستقبل میں تجارتی اور معاشی تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ ایک مشترکہ کاروباری کونسل بھی بزنس ٹو بزنس انٹریکشن بڑھانے کے لیے قائم کی گئی ہے۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیاسی مشاورت باقاعدگی سے ہوتی ہے۔ ہماری پارلیمان میں پاکستان، ارجنٹینا فرینڈشپ گروپس کی موجودگی دو طرفہ پارلیمانی تعلقات کے استحکام کی علامت ہے۔ برطانوی وزیر اعظم نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے چھہترویں اجلاس کے موقع پر اپنی تقریر میں وزیر اعظم عمران خان کے “ٹن بلین سونامی ٹری” منصوبے کو سراہا۔
وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے خطرہ اس بات کا ہے کہ پاکستان وسیع آبی وسائل کے حامل ملک سے، آبی وسائل کی دستیابی میں کمی والے ممالک میں شامل ہو سکتا ہے۔ ان حالات میں شجر کاری کا فروغ ہی اہم حکمت ہے۔ 4 دسمبر کو ہم لاہور میں پاکستان اور ارجنٹینا کے مابین “پولو میچ” کا انعقاد کر رہے ہیں۔ میں آپ سب کی شرکت کا ممنون ہوں۔
پاکستان میں ارجنٹینا کے سفیر نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور گذشتہ سات دہائیوں میں نمو پاتے دو طرفہ سفارتی تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔
#Pakistan 🇵🇰 #Argentina 🇦🇷

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں