انٹرویواہم خبریںپاکستانتصاویر اور مناظردلچسپ و عجیبسیاستملٹی میڈیا

ہری پور سے اس بار بانی عمران خان کی پی ٹی آئی ہی جیتے گی. پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر عمر ایوب کا دعویٰ

اسٹاف رپورٹ: پی این نیوز ایچ ڈی

ہری پور: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اور سابق وفاقی وزیر عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ ہری پور، خصوصاً کھلابٹ سیکٹر میں اس بار پی ٹی آئی بانی عمران خان کی قیادت میں بھرپور اور یکطرفہ کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات کے برعکس اس مرتبہ حالات زیادہ سازگار ہیں اور عوام پہلے سے زیادہ جوش اور حمایت کے ساتھ پی ٹی آئی کے امیدواروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

کھلابٹ سیکٹر ون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمر ایوب نے کہا کہ کھلابٹ کی دو یونین کونسلز میں مجموعی طور پر 29 پولنگ اسٹیشن قائم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 2024 کے عام انتخابات کے دوران ہم پر شدید دباؤ تھا۔ میں خود روپوش تھا، ہمارے متعدد ساتھی جیلوں میں تھے جبکہ باقیوں کے پیچھے پولیس لگی ہوئی تھی۔” ان کا کہنا تھا کہ مشکل حالات، گرفتاریوں اور پابندیوں کے باوجود پی ٹی آئی نے حیران کن کارکردگی دکھاتے ہوئے 29 میں سے 27 پولنگ اسٹیشنز پر واضح برتری حاصل کی تھی۔
عمر ایوب نے مزید بتایا کہ ان کے مخالفین کو اس وقت بھی سخت شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ ان کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کو پی ٹی آئی کے امیدوار نے 82 ہزار ووٹوں کے بھاری مارجن سے شکست دی تھی، جبکہ مخالف امیدوار اپنے گھر کے پولنگ اسٹیشن میں بھی کامیابی حاصل نہ کرسکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ الیکشن میں عوام کے فیصلے نے یہ پیغام صاف کردیا تھا کہ ہری پور اور کھلابٹ کا سیاسی اعتماد پی ٹی آئی کے ساتھ ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس بار حالات مکمل طور پر ان کے حق میں ہیں۔ “ہم کھلابٹ میں 29 کے 29 پولنگ اسٹیشن جیتیں گے۔ عوام کا جذبہ، اعتماد اور مزاج واضح ہے کہ یہاں سے اسلام آباد تک پی ٹی آئی ہی کامیابی حاصل کرے گی۔” ان کے مطابق لوگ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی قیادت میں ہونے والے نظریاتی اور سیاسی جدوجہد کی مکمل حمایت کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ عمر ایوب کو سزا سنائے جانے کے باعث ان کی نشست خالی ہوگئی تھی، جس پر ہونے والے ضمنی انتخاب میں ان کی اہلیہ پی ٹی آئی کی جانب سے امیدوار ہیں۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ عمر ایوب کے حلقے میں ہمدردی کی لہر مزید مضبوط ہوئی ہے اور ضمنی انتخابات میں اس کا براہِ راست فائدہ ان کی اہلیہ کو پہنچے گا۔

پارٹی کارکنوں کے مطابق کھلابٹ اور اردگرد کے علاقوں میں انتخابی مہم پوری قوت سے جاری ہے، جبکہ پی ٹی آئی کے رہنما اسے عمران خان کی عوامی مقبولیت کی تازہ مثال قرار دے رہے ہیں۔ دوسری جانب مخالف جماعتوں کی جانب سے ابھی تک کوئی واضح انتخابی حکمتِ عملی سامنے نہیں آئی۔

سیاسی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ سخت مقابلے کے بجائے اس حلقے میں رجحان یکطرفہ دکھائی دے رہا ہے، تاہم حتمی فیصلہ پولنگ والے دن ہی سامنے آئے گا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے