آزاد کشمیر کی حکومت ہمارے آباؤ اجداد نے غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں اپنے زور بازو سے قائم کی تھی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری 228

آزاد کشمیر کی حکومت ہمارے آباؤ اجداد نے غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان کی قیادت میں اپنے زور بازو سے قائم کی تھی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

اُس دن سے ہمارا آزادکشمیر میں سارا حکومتی نظام چل رہا ہے۔ آج کے دن ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ ہم آزادکشمیر کو صحیح معنوں میں آزادی کی بیس کیمپ بنائیں گے تاکہ اس پر ہر کوئی فخر کر سکے۔ ہم آزادی کے بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے اوردنیا کے ہر فورم پر بھارت کی ریشہ دوانیوں کو بے نقاب کریں گے۔ بھارت نے ستائیس اکتوبر کو کشمیر میں اپنی فوجیں داخل کیں اور اُس کا یہ غاصبانہ قبضہ ابھی تک جاری و ساری ہے۔ لیکن ہم مقبوضہ کشمیر کے عوام کو یقین دلاتے ہیں کہ ہم سب مل کر دنیا بھر میں اُن کی آواز بنیں گے اور دنیا کے سامنے بھارت کی نام نہاد جمہوریت کا اصل چہرہ آشکار کریں گے اور انشا ء اللہ مقبوضہ کشمیر بھارتی تسلط سے جلد آزاد ہو گا۔ اس سلسلے میں ستائیس اکتوبر کو لندن میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے کشمیری احتجاجی مظاہرہ کریں گے جس میں، میں خود بھی شرکت کروں گا اور اس مظاہرے میں شرکاء بھارتی سفارتخانے سے لے کر برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ 10ڈاؤننگ اسٹریٹ تک مارچ کریں گے لہذا برطانیہ میں مقیم کشمیری اس مظاہرے میں بھرپور شرکت کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں برطانیہ کے شہر لیڈز کے لارڈ میئر اصغر خان کی طرف سے اپنے اعزاز میں سٹی کونسل لیذز میں منعقدہ ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب کی صدارت لارڈ میئر سٹی کونسل لیڈز اصغر خان نے کی جبکہ اس موقع پر تقریب سے برطانوی ممبر پارلیمنٹ الیکس سوبل(Alex Sobel)، برطانوی ممبر پارلیمنٹ عمران حسین، جاوید اختر، کونسلر جوناتھن پرائیرڈپٹی لیڈر آف کونسل، کونسلر سلمیٰ عارف، کونسلر محمد رفیق، کونسلر محمد اقبال، کونسلر عارف حسین، چوہدری ادریس ایڈووکیٹ، چوہدری صابر دین، چوہدری شان، چوہدری محمد حنیف ایڈووکیٹ، عدنان صابر، کونسلر کمیلا مقصود، کونسلر زارہ حسین، چوہدری مالک اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔
اس موقع پر اپنے خطاب میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ صدر آزادکشمیر کا منصب سنبھالنے کے بعد وہ پہلی مرتبہ برطانیہ اور یورپ کے دورے پر آئے ہیں اور میرے دورہ برطانیہ اور یورپ کا مقصد مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی انتہاء پسند حکومت اور قابض بھارتی فوج کی طرف سے کشمیریوں پر کیے جانے والے مظالم اور بربریت کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔ اس سلسلے میں، میں 27اکتوبر کو لندن میں بھارتی سفارتخانے سے 10ڈاؤننگ اسٹریٹ تک کشمیریوں کے ایک بہت بڑے احتجاجی مارچ میں شرکت کروں گا اور احتجاج کا یہ سلسلہ 27اکتوبر تک رکے گا نہیں بلکہ 28اکتوبر کو میں برسلز میں جبکہ29اکتوبر کو ہالینڈ کے دارالحکومت دی ہیگ میں عالمی عدالت انصاف کے سامنے اور 30اکتوبر کو پیرس میں کشمیریوں کے مظاہروں میں شرکت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ آج آزادکشمیر کایوم تاسیس منایا جا رہا ہے اور آج کے دن ہم ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کرتے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنی جدوجہد میں تنہا نہیں بلکہ دنیا بھر میں مقیم کشمیری اُن کے شانہ بشانہ ہیں اور ہم اُن کی آواز دنیا کے ہر فورم پر پہنچائیں گے اور انشا ء اللہ اب وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر پر بھارت کا غاصبانہ قبضہ جلد ختم ہو گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں