لاہور (تازہ اخبار پاک نیوز پوائنٹ ) پنجاب حکومت نے ٹوکیو اولمپکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم اور طلحہٰ طالب کو 10،10 لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔ لاہور کے نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر کھیل رائے تیمور بھٹی نے ارشد ندیم کا شاندار استقبال کرنے اور پیرا اولمپکس کے لیے جانے والے دونوں ایتھلیٹس کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ ارشد ندیم ڈائریکٹ کوالیفائی کرکے ٹوکیو اولمپکس میں گئے جہاں ان کی کارکردگی حوصلہ افزاء رہی، طویل عرصے بعد قوم کو کرکٹ کے علاوہ کسی اور کھیل کے لیے دعائیں کرتے دیکھا ۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پنجاب سے تعلق رکھنے والے ایتھلیٹس ارشد ندیم اور طلحہٰ طالب کو صوبائی حکومت 10،10 لاکھ روپے انعام دے گی جب کہ کے ٹو سر کرنے والے کم عمر ترین پاکستانی بننے کا اعزاز حاصل کرنے والے کوہ پیماہ شہروز کاشف کو بھی 10 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ رائے تیمور بھٹی نے پیرا اولمپکس کے ایتھلیٹس حیدر علی اور انیلہ بیگ کے تمام اخراجات برداشت کرنے کا بھی اعلان کیا۔
242