مردان میں پی ٹی آئی کا بڑا جلسہ، وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا اڈیالہ جیل جانے کا اعلان
اسٹاف رپورٹ :پی این نیوز ایچ ڈی
پاکستان تحریکِ انصاف کے زیرِ اہتمام مردان میں ایک بڑے عوامی جلسے کا انعقاد کیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ جلسے میں پارٹی کارکنان اور عوام کی بڑی تعداد شریک ہوئی، جنہوں نے پارٹی قیادت کے حق میں نعرے لگائے.
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے اعلان کیا کہ وہ جمعرات کے روز اپنی سیاسی قیادت کے ہمراہ اڈیالہ جیل جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام پارٹی قائدین سے اظہارِ یکجہتی اور جمہوری حقوق کے تحفظ کے لیے اٹھایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کسی بھی دباؤ کے سامنے نہیں جھکے گی اور عوام کے مینڈیٹ کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے.
وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کی ذمہ داری محمود اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس کو دی گئی ہے، جو مختلف سیاسی قوتوں سے رابطے کر کے مسائل کا سیاسی حل تلاش کریں گے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی آئین اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے بات چیت پر یقین رکھتی ہے، تاہم عوامی حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا.
سہیل آفریدی نے موجودہ حکمرانوں پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں بدترین مہنگائی، بے روزگاری اور بدانتظامی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی کی قیادت نے ہمیشہ عوام کے مفادات کا تحفظ کیا ہے اور جلد ہی ان عناصر کا احتساب ہوگا جنہوں نے ملک کو اس حال تک پہنچایا.
جلسے کے دوران شرکاء نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے جبکہ اسٹیج سے مسلسل قیادت کے حق میں نعرے لگائے جاتے رہے۔ مقررین نے پی ٹی آئی کارکنان پر زور دیا کہ وہ پرامن جدوجہد جاری رکھیں اور پارٹی کی ہدایات پر عمل کریں.
پی ٹی آئی رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مردان کا جلسہ عوامی طاقت کا واضح مظاہرہ ہے اور آنے والے دنوں میں صوبے بھر میں جلسوں اور احتجاجی سرگرمیوں کا دائرہ مزید وسیع کیا جائے گا.




