(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت عام آدمی کے مسائل سے آگاہ ہے ، لوگوں کی زندگی میں آسانیاں پیدا کرنے کیلئے انقلابی اقدامات کر رہے ہیں، بلدیاتی الیکشن کے ذریعے اقتدار میں عام آدمی کو شامل کرنے جا رہے ہیں، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنائیں گے ، تحریک آزادی کشمیر کے ابلاغی محاذ پر ریاستی اخبارات کا ناقابل فراموش کردار ہے ، میڈیا کوریاست کا طاقتور ستون بنائیں گے، ریاستی میڈیا کے مسائل کے حل کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے ، کسی صورت اس سے پہلو تہی نہیں کریں گے اے کے این ایس کے مطالبات پر ڈویلپمنٹ اشتہارات کے بقایا جات کی ادائیگی ، نارمل بجٹ میں اضافہ اور ڈویلپمنٹ کے بجٹ سے ایک پرسنٹ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کو منتقل کرنے کیلئے وزیر اطلاعات ونشریات سردار فہیم ربانی کی قیادت میں کمیٹی قائم کردی جس کا آئندہ ہفتے مظفر آباد میں باضابطہ اجلاس ہوگا اور جلد ریاستی اخبارات کے بقایا جات کی ادائیگی کا معاملہ یکسو کردیا جائے گا، صحافی عوامی مسائل کو اجاگر کرنے اور حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کو عوام تک پہنچانے کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کریں ، آزاد کشمیر کے اخبارات اور اس سے منسلک صحافیوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں ، گزشتہ حکومت کے پیدا کردہ مسائل کوجلد حل کردینگے صحافت مضبوط ہوگی تو تحریک آزادی کشمیر اجاگر ہوگی اور عوام کے مسائل ایوان اقتدار تک پہنچیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر ہا ئوس اسلام آباد میں سینئرصحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ، وزیراعظم سے اے کے این ایس کے صدر سردار زاہد تبسم، جموں وکشمیر کے ایڈیٹر راجہ کفیل ، خواجہ اے متین کشمیر لنک) ، بشارت عباسی (اوصاف) ، عابد عباسی (کشمیر ٹائمز) ، سردار حمید (کنٹری نیوز) ، جاوید اقبال (پارلیمنٹ ٹائمز) ،اعجاز احمد (جنت النظیر) اور منظور ڈار (کشمیر پوسٹ) نے ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر اطلاعات ونشریات فہیم ربانی اور ڈی جی لبریشن ارشاد محمود بھی موجود تھے اس موقع پر وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت نے ظلم وستم کی انتہا کر دی ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم یک زبان ہو کر مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کیلئے اپنی آواز بلند کریں، حال ہی میں او آئی سی وفد کے سامنے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ او آئی سی کشمیریوں کیلئے اپنی آواز بلند کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ دنیا مسئلہ کشمیر سے لاتعلق نہیں رہ سکتی، خطہ کاامن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے ، لائن آف کنٹرول کے متاثرین کیلئے ایک جامع منصوبہ پر کام کر رہے ہیں تاکہ متاثرین کو ریلیف و بحالی مہیا کی جا سکے۔انہوں نے ریاستی میڈیا کے تحریک آزادی کیلئے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ریاستی اخبارات نے جبر کا مقابلہ کرنے والے کشمیریوں کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کیلئے اہم کردار ادا کر رہے ہیں، مقامی اخبارات مسائل کی نشاندھی کرے ، حکومت مسائل کے حل میں پہلو تہی کسی صورت نہیں کرے گی اخبارات کے کاغذ کے نرخ میں اضافے سے بخوبی آگاہ ہیں ہماری ترجیح ہے کہ ریاستی اخبارات کو آزاد کشمیر کا سب سے مضبوط ہتھیار بنائیں اور ان کے بنیادی مسائل حل کر کے اداروں کومضبوط اور ان کے ساتھ منسلک کارکنوں کو خوشحال بنایا جاسکے آزاد کشمیر کے پسماندہ ترین علاقوں میںمعلومات کی فراہمی کیلئے اخبارات کا بڑا کردار ہے اس کو حقیقی معنوں میں ریاست کا چوتھا ستون بنائیں گے اخبارات کے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اسلام آباد میں مسائل کے حل کیلئے حکومت پاکستان اور وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری سے بھی بات کریں گے صحافی غیر جانبدارانہ رپورٹنگ کریں اور مسائل کی نشاندہی کریں، وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ اخبارات کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے اقدامات کریں گے اور موجودہ حکومت سے جتنا بھی ہوسکا ان کو ریلیف مہیا کیا جائے گا اوریہ وقت ثابت کریگا کہ ریاستی میڈیا کی مضبوطی کیلئے کس نے کتنا کردار ادا کیا ریاستی صحافت مضبوط ہوگی تو کشمیریوں کی آواز کو دنیا بھر تک پہنچایا جائے گاانہوں نے یقین دہانی کرائی کہ آنے والے چند دنوں میں اس پر باضابطہ پیشرفت شروع ہوجائے گی آخر میں وزیراعظم نے وزیر اطلاعات سردار فہیم ربانی کی سربراہی میں اخبارات کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی قائم کردی جس میں اے کے این ایس کوبھی شامل کیا جائے گا ۔