وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا اپنے آبائی حلقہ کا دورہ 295

وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا اپنے آبائی حلقہ کا دورہ

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

اس موقع پر وزیر اعظم کا تاریخ ساز استقبال کیا گیا، شدید بارش کے باوجود بھی آزاد پتن سے لیکر منڈھول تک عوام کا جم غفیر سردار عبدالقیوم نیازی کے استقبال کے لیے امڈ آیا، کارکنان تحریک انصاف نے راستے میں جگہ جگہ پھولوں کی پتیاں نچھاور کرتے ہوئے ڈھول کی تھاپ اور زبردست نعروں کی گونج میں وزیراعظم آزادکشمیر کو ویلکم کیا،
فضا عمران خان زندہ باد اور قیوم نیازی زندہ باد، ویلکم ویلکم قیوم نیازی ویلکم کے نعروں سے گونج اٹھی۔ راولاکوٹ آمد پر وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کو آزادجموں وکشمیر پولیس کی جانب سے سلامی پیش کی گئی۔ وزیراعظم آزادکشمیر نے غازی ملت سردار محمد ابراہیم خان اور سردار خالد ابراہیم کے مزارات پر بھی گئے،پھولوں کی چادر چڑھائی اوران کے بلندی درجات کے لیے دعا کی۔
وزرا کرام اظہر صادق، نثار انصر ابدالی، فہیم اختر ربانی، چوہدری محمد اخلا ق، ظفر ملک، محمد اکمل سرگالہ، دیوان علی خان چغتائی، ممبر کشمیر کونسل سردار رزاق بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔
مختلف مقامات پر استقبالیہ تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادجموں نے تاریخ ساز استقبال کرنے پر اہلیان پونچھ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے وعدے نہیں بلکہ عملی اقدامات اٹھائے گی،کابینہ اور حکومتی مشینری عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہے، آزادکشمیر میں ترقی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز کرنے جارہے ہیں،کچھ عرصہ میں آزادکشمیر کے عوام حقیقی معنوں میں تبدیلی محسوس کریں گے،عمران خان کے ویژن کے مطابق نچلے طبقے کو اوپر لانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے،اللہ رب العزت نے اقتدار عوام کی خدمت کے لیے دیا،عوام کو مایوس نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر ہماری حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہندوستا ن کے بدترین ظلم و جبر کے سامنے کلمہ حق کہنے والے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو سلام پیش کرتا ہوں ۔ میں خود بھی خونی لکیر پر رہتا ہوں مجھے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی مشکلات کا احساس ہے۔ہندوستان کی قابض فورسز نے سفاکیت کی حدیں توڑدیں لیکن مقبوضہ کشمیر کے عوام کے پائیہ استقلال میں لغزش نہیں لا سکا۔ انہوں نے کہاکہ اللہ رب العزت کا شکرگزار ہوں کہ مجھ جیسے عام آدمی کو بھی وزارت عظمیٰ کے منصب تک پہچایا۔ یہ اعزاز وزیراعظم پاکستان عمران خان کو ہی حاصل ہے کہ انہوں نے مجھ جیسے متوسط طبقے سے تعلق رکھنے والے سیاسی کارکن کو وزیراعظم بنایا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن پر پورا اتریں گے اور ان کی رہنمائی اور سرپرستی میں آزادکشمیر کو خوشحال خطہ بنائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ حکومت کی محرومیوں اور زیادتیوں کا ازالہ کریں گے، جن لوگوں نے ریاستی وسائل کو لوٹا ان کا کڑا احتساب ہوگا، کرپٹ عناصر کو کٹہرے میں لائیں گے، عمران خان کے ویژن کے مطابق احتساب کے نعرے کو عملی جامہ پہناؤں گا اور سستے انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا۔ انہوں نے کہاکہ عوامی خدمت کا جذبہ رکھنے والے اپوزیشن ممبران اسمبلی کے ساتھ بھی بھرپور تعاون کروں گا۔انہوں نے کہاکہ کابینہ کے تمام ممبران انتہائی باصلاحیت اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں ،سب ملکر عمران خان کے ویژن کو عملی جامہ پہنائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں