(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
ریلی میں سینکڑوں کی تعداد میں کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے شرکت کی۔ پیرس کی فضاء کشمیر کی آزادی کے نعروں سے گونجتی رہی۔اس موقع پر ریلی کے شرکاء نے انگریزی، فرانسیسی اور اُردو میں مودی اور بھارت کے خلاف اور کشمیر کی آزادی کے حق میں زبردست نعرے بازی کی۔ شدید بارش اور سرد موسم کے باوجود لوگوں کی بڑی تعداد نے ریلی میں شرکت کی۔ اس موقع پر ریلی میں معروف کشمیری راہنما زاہد ہاشمی، مرزا چوہدری اسلم، ملک عابد، اشفاق جٹ، افضال گوندل، طاہر گورائیہ، چوھدری تنویر، راجہ نامدار اقبال،ملک خوشحال، چوہدری خلیل احمد، عدنان چوہدری، اشفاق گوندل، ملک عابد، ماجد چیمہ سمیت کشمیری و پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں کشمیری پرچم بلند کر رکھے تھے۔ اس موقع پرریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ مودی اور بھارتی سرکار کا اصل چہرہ اب دنیا بھر میں بے نقاب ہو چکا ہے کیونکہ بھارت میں مقیم تمام اقلیتیں مودی کے انتہاء پسندانہ نظریے کی وجہ سے زیر عتاب ہیں اور وہاں آئے روز چاہے وہ مسلمان ہوں، دلت ہوں یا عیسائی و دیگر ہیں اُن پر مودی سرکار مظالم ڈھا رہی ہے جس کے باعث وہاں کی اقلیتیں بے چینی اور اضطراب کا شکار ہیں۔ اسی طرح کی صورتحال مقبوضہ کشمیر میں بھی درپیش ہے جہاں پر بھارت کی نو لاکھ فوج کشمیری عوام پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہی ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر کے پر امن حل کی طرف جانے کے بجائے کشمیر میں ظلم و ستم کر رہا ہے۔مقبوضہ کشمیر کی سیاسی لیڈر شپ، انسانی حقوق کے کارکنوں، آزادی کیلئے پرامن سیاسی جدوجہد کرنے والے کشمیریوں کو آئے روز جیل میں بند کر کے کشمیریوں کی آواز کو دبانے کی کوشش کی جارہی ہے۔میری اقوام عالم سے اپیل ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بند کروانے میں کردار ادا کریں اور کشمیریوں کو ان کا بنیادی حق ” حق خودارادیت ” دینے کی راہ ہموار کی جائے۔ کشمیر کا پر امن حل اقوام متحدہ کی قراردادوں میں ہے اور اقوام عالم کشمیر کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمدیقینی بنانے میں کردار ادا کرے۔ اس موقع پر آرگنائزر ریلی زاہد ہاشمی صدر انٹر نیشنل کشمیر پیس فورم فرانس نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے اُن کی جدوجہد جاری رہے گی۔