پاکستان کشمیریوں کے منصفانہ کاز کے لئے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا،یوم آزادی پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا پیغام 288

پاکستان کشمیریوں کے منصفانہ کاز کے لئے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا،یوم آزادی پاکستان کے موقع پر وزیر اعظم عمران خان کا پیغام

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے ایک متحد،پرامن اور پرعزم قوم کی حیثیت سے ابھرنے کے لئے اپنی تاریخ کے سفر میں کٹھن چیلنجز عبور کئے ہیں، آج بھی اندرون ملک بعض درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ خطہ کی بدلتی صورتحال ہمارے اس عزم کا امتحان ہے، پاکستان آج اقوام عالم کے درمیان سر اٹھا کر کھڑا ہو سکتا ہے، ہماری پالیسیوں کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے، کشمیر کے عوام اپنے ساتھ کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں، پاکستان حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں کشمیریوں کی حمایت جاری رکھے گا،افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، پاکستان مذاکرات سے تنازعہ کے سیاسی حل کی حمایت جاری رکھے گا، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ہماری تمام تر توجہ جیو پالیٹکس سے جیو اکنامکس پر مرکوزہو گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ آج یوم آزادی کے موقع پر قومی پرچم لہراتے ہوئے ہمیں ایمان، اتحاد، تنظیم کی قومی اقدار کو سربلند رکھنے کے پختہ عزم کا اعادہ کرنا چاہئے جس کا تصور قائد اعظم محمد علی جناح نے پیش کیا تھا، ہم نے ایک متحد، پرامن اور پرعزم قوم کی حیثیت سے ابھرنے کے لئے اپنی تاریخ کے سفر میں کٹھن چیلنجز عبور کئے ہیں حتیٰ کہ آج بھی اندرون ملک بعض درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ خطہ کی بدلتی صورتحال ہمارے اس عزم کا امتحان ہے۔ہروقت کی طرح ہم اپنے عزم صمیم کی بدولت ان رکاوٹوں پر قابو پالیں گے اور مضبوط تر قوم کے طور پر ابھریں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان آج اقوام عالم کے مابین سر اٹھا کر کھڑا ہو سکتا ہے، معیشت کی بحالی، کورونا وبا سے نبرد آزما ہونے اور ماحولیاتی تحفظ بارے ہماری پالیسیوں کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اس موقع پر ہمیں اپنے کشمیری بہن بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہئے، جو انتہائی نامساعد حالات اور بھارتی غیر قانونی قبضہ میں ناقابل بیان جبر میں اپنے حق خودارادیت کے لئے جدوجہد کررہے ہیں۔ پاکستان کشمیریوں کے منصفانہ کاز کے لئے اپنی بھرپور حمایت جاری رکھے گا،کشمیری ابھی بھی ان کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرنے کے لئے عالمی برادری کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے اپنی مغربی سرحدوں پر غیر مستحکم صورتحال کے باعث بڑی قربانیاں دی ہیں اور اس کی بھاری قیمت چکائی ہے ہم نے ہمیشہ اس بات پر مسلسل زور دیا ہے کہ افغانستان کے تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں دیر پا امن و استحکام کے لئے پاکستان افغان تنازعہ کے مذاکرات سے سیاسی حل کی حمایت جاری رکھے گا۔ اپنے معاشی و سماجی ایجنڈے کی پیروی کے لئے ہم اندرون اور بیرون امن چاہتے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ نیا پاکستان میں ہماری تمام تر توجہ جیو پالٹیکس سے اب جیو اکنامکس پر مرکوز ہوگئی ہے۔جس میں ہم اولین ترجیح کے طور پر پاکستانی عوام کی فلاح و بہبود اور خوشحالی پر توجہ دے رہے ہیں۔ہماری حکومت نے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لئے ہر ممکن کوششیں کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ پاکستان اللہ تعالیٰ کا ہمارے لئے تحفہ ہے میں ایک مرتبہ پھر اندرون ملک اور بیرون ملک تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتا ہوں اوراس موقع پر آپ سے کہتا ہوں کہ پاکستان کو قابل فخر ، خوشحال اور پرامن ملک بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں