پاکستان بیلا روس کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری ، زراعت اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں اپنے تعلقات مزید بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم عمران خان 336

پاکستان بیلا روس کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری ، زراعت اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں اپنے تعلقات مزید بڑھانے کیلئے پرعزم ہے، وزیراعظم عمران خان

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

افغانستان میں 40 سال سے تنازعات اور عدم استحکام سے سب سے زیادہ پاکستان متاثر ہوا ،اس لئے ایک پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے وسیع تر مفادمیں ہے۔ جمعرات کو شنگھائی تعاون تنظیم سربراہ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم عمران خان نے بیلا روس کے صدر الیگزینڈر لوکا شینو سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے دوطرفہ کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اس کے علاوہ علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیلاروس کے ساتھ باہمی دلچسپی کے تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، صنعت اور دفاع سمیت تمام شعبوں میں اپنے تعلقات کومزید وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے۔ملاقات کے دوران دونوں ملکوں میں پارلیمانی اور سیاسی سطح پر دوطرفہ تبادلے بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں رہنمائوں نے بیلا روس کے وزیر خارجہ کے اس سال کے آخر میں دورہ پاکستان کو مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم اور وسعت دینے میں اہم کردار کا حامل قرار دیا۔
ملاقات کے دوران افغانستان کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ 40 سال سے افغانستان میں تنازعات اور عدم استحکام سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک کی حیثیت سے ہمارا موقف ہے کہ پرامن اور مستحکم افغانستان پاکستان کے مفاد میں ہے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ عالمی برادری کو افغان عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہونا چاہئے، انسانی بحران کو ٹالنے میں مدد دینی چاہئے اور معیشت کو مستحکم کرنے کیلئے اقدامات اٹھانے چاہئیں۔وزیراعظم نے افغانستان کے استحکام کی کوششوں میں پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ عالمی برادری اس حوالہ سے مثبت کردار ادا کرے گی۔ وزیراعظم نے بیلا روس کے صدر کو پاکستان کے دورہ کی دعوت کی تجدید کی جبکہ بیلا روس کے صدر نے وزیراعظم کو بیلا روس کے جلد دورہ کی دعوت دی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں