پاکستان حج رضاکاربہترین خدمات سرانجام دے رہے، قونصل جنرل خالد مجید 97

پاکستان حج رضاکاربہترین خدمات سرانجام دے رہے، قونصل جنرل خالد مجید

سٹاف رپورٹ (تازہ ترین اخبار، پی این پی نیوز ایچ ڈی)

قونصل جنرل پاکستان خالد مجید نے کہا کہ پاکستان حج رضاکار اللہ کے مہمانوں کی بہترین خدمت سرانجام دے رہے ہیں۔ دنیا بھرسے آۓ ہوئے حجاج کرام کی خدمت کرکے پاکستان کا نام بھی روشن کررہے ہیں۔ وہ سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں پاکستان حج رضاکارگروپ سعودی عرب کے زیر اہتمام سال 2023حج آپریشن میں حصہ لینے والے رضاکاروں کی حوصلہ افزائی اوران کی پذیزائی کے لئے منعقدہ تقریب تقسیم اسناد میں بطورمہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔
تقریب میں قونصل جنرل خالد مجید کے علاوہ ڈائریکٹرجنرل حج عبدالوہاب سومرو، ڈائریکٹرحج فہیم آفریدی اور ڈائریکٹر حج مدینہ ضیاءالرحمن نے بھی شرکت کی اور تقریب سے خطاب کیا۔ اپنے خطاب میں انہوں نے اس سال 2023 میں حجاج کرام کے لیے پی ایچ وی جی کے رضاکاروں کی خدمات کو خوب سراہا اور آئندہ کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین بھی دلایا۔ تقریب میں تقریبا اڑھائی سو رضاکاروں نے شرکت کی۔ ابتداء میں رضاکاروں کے درمیان مختلف کھیل مثلا کرکٹ ، فٹبال ، تیراکی اور دوڑ کے مقابلے ہوئے جن میں رضاکاروں نے بھرپور حصہ لیا اور بہت محظوظ ہوئے۔
قبل ازیں تقریب کاآغاز تلاوت قران پاک سےہوا ۔تلاوت کی سعادت رضاکار عبدالرحمن نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض کامران نے ادا کئے۔ انھوں نے اسکرین پر پاکستان حج رضا کار گروپ کی خدمات کی تفصیلات بھی پیش کی۔ اس کےبعد قونصل جنرل اورڈائریکٹر جنرل حج نےسال 2023حج آپریشن میں حصہ لینے والے رضاکاروں کی اور میڈیا کے نمائندوں کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئےاسناد تقسیم کی گئیں۔ آخرمیں مہمانوں کی تواضع عشائیہ سے کی گئی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں