190

پاکستان اور اسپین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ (1951-2021) کے موقع پر آج اسلام آباد میں تقریب کا انعقاد کیا گیا.

سپین رپورٹ(تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے پاکستان اور سپین کے درمیان گزشتہ سات دہائیوں میں بتدریج بڑھتے ہوئے دوطرفہ سفارتی تعلقات پر روشنی ڈالی۔ پاکستان اور اسپین کے درمیان روابط کو اجاگر کرتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی قریشی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور ثقافتی تعلقات رسمی تعلقات کے قیام سے قبل موجود تھے۔
وزیر خارجہ نے معروف نظم “مسجد قرطبہ” کا حوالہ دیتے ہوئے، قومی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے دورہ اسپین اور ہسپانوی ثقافت اور عوام کے لیے ان کے جذبات سے شرکاء کو آگاہ کیا وزیر خارجہ نے عوامی سفارت کاری، ثقافتی تبادلوں اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بڑھانے کے لیے عوامی سطح پر رابطوں کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان موجودہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 2010 میں اپنے دورہ اسپین اور ہسپانوی وزیر خارجہ کے حالیہ دورے کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ نے کہا کہ دوطرفہ تجارت میں اضافے اور اعلیٰ سطح کے تبادلوں کی صورت میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات گُذشتہ برسوں میں مزید گہرے ہوئے ہیں۔ وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ تقریباً 125,000 پاکستانی تارکین وطن دونوں ممالک کے درمیان ایک مضبوط پل کی حیثیت رکھتے ہیں۔ تقریب میں فنون لطیفہ کی نمائش، پاکستان اور اسپین کے قومی ترانوں اور ان کے متعلقہ ثقافتی اور میوزیکل پرفارمنس پیش کی گئیں ۔ پاکستان اور سپین کے درمیان سفارتی تعلقات کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر بادشاہی مسجد اور قرطبہ مسجد کی تصاویر والا ڈاک ٹکٹ جاری کیا جائے گا۔70 سال” کے عنوان سے اس تقریب کا اہتمام اسپین کے سفارت خانے اور وزارت خارجہ نے مشترکہ طور پر کیا

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں