(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
اس معاہدے پر پاکستان کے مرکزی بینک کے گورنر جناب رضا باقر اور فنڈ کے سی ای او نے کراچی میں قونصل جنرل بندر بن فہد الدایل کی موجودگی میں دستخط کیے.
سعودی ڈیولپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین محترم احمد بن عقیل الخطیب کی جانب سے فنڈ کے سی ای او سلطان بن عبد الرحمن المرشد نے آج جمہوریہ پاکستان کے ساتھ 4.2 بلین ڈالر کے دو اقتصادی معاہدوں پر دستخط کیے
اسلام آباد میں سعودی سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پہلے معاہدے میں مملکت کی طرف سے پاکستان کے مرکزی بینک میں غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کی مدد کے لیے تین بلین ڈالرز ڈپازٹ شامل ہے، تاکہ کورونا وباء سے پیدا ہونے والی معاشی مشکلات میں مدد ملے.
دوسرا معاہدہ 1.2 بلین ڈالر کا ہوا جو کہ پٹرولیم مصنوعات کی تجارت کے لئے مختص ہے۔ اس معاہدے پر پاکستان کے وزیر برائے اقتصادی امور عمر ایوب خان نے اسلام آباد میں وزارت تجارت کے ہیڈ کوارٹر میں فنڈ کے سی ای او اور پاکستان میں سعودی سفیر جناب نواف بن سعید المالکی کی موجودگی میں دستخط کیے.
اس مناسبت سے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے سی ای او نے کہا:’آج ہم یہ دو معاہدے پاکستانی وزارت تجارت اور مرکزی بینک کے ساتھ دستخط کر رہے ہیں۔ یہ فراخدلانہ حکم خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبد العزیز، اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے دیا ہے تاکہ پاکستان کے غیر ملکی کرنسی کے ذخائر کو بہتر بنایا جاسکے اور پٹرولیم مصنوعات کی تجارت میں مدد مل سکے تاکہ پاکستان کو معاشی ترقی حاصل ہو اور کورونا وبا سے پیدا ہونے والی مشکلات میں مدد ملے گی.
یہ دونوں معاہدے اس امداد کی ایک کڑی ہے جو مملکت سعودی عرب، سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کے ذریعے جمہوریہ پاکستان کو پیش کرتی رہی ہے، سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ نے اپنے قیام کے بعد سے 333 ملین ڈالر سے زائد رقم کے تین گرانٹس فراہم کیے، تاکہ تعلیم صحت اور بنیادی ڈھانچے کے 23 پروجیکٹس کو انجام دینے میں مدد ملے، اس کے علاوہ 20 ترقیاتی قرضے تقریباً ایک بلین ڈالر کے فراہم کیے، تاکہ توانائی، پانی، ٹرانسپورٹ اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں مدد ملے، اس کے علاوہ ماضی میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ نے سعودی ایکسپورٹ پروگرام کے ذریعے 12 مالیاتی آپریشن پیش کیے جس نے مجموعی طور پر 4.7 بلین ڈالر کی ایکسپورٹ کی ضمانت دی، جوکہ پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے مددگار ہوتا ہے، تاکہ پاکستانی عوام معاشرتی اور معاشی ترقی حاصل کرے اور خوشحال زندگی گزارے،اپنی طرف سے پاکستانی وزیر برائے معاشی امور، عمر ایوب خان، نے سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ کی طرف سے پیش کردہ سپورٹ پر حکومت اور پاکستانی عوام کی طرف سے خادم حرمین شریفین اور ولی عہد، سعودی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا.
344