پاک، سعودی دفاعی معاہدہ دوستی کا نیا سنگ میل، بزنس فورم کی تقریب میں رہنماؤں کے خطابات
پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط مذہبی، ثقافتی اور تجارتی بنیادوں پر قائم ہیں۔ حالیہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کی ایک زندہ مثال ہے
جدہ رپورٹ-ثناء شعیب :پی این پی نیوز ایچ ڈی
سعودی عرب کے قومی دن اور حالیہ پاک، سعودی دفاعی معاہدے کی خوشی میں پاک بزنس فورم کے چیئرمین حافظ عبد الخالق کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کی اعلیٰ شخصیات اور ممتاز کاروباری و سماجی رہنما بڑی تعداد میں شریک ہوئے۔ تقریب کی نظامت انجم وڑائچ نے انجام دی۔
تقریب میں شریک معزز مہمانوں میں پاک بزنس فورم کے صدر عقیل آرائیں، سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز، سابق ایم این اے ممتاز کاهلو، کشمیر کمیٹی کے رہنما سردار اقبال، جبکہ سعودی عرب کی جانب سے احمد العتیبی، ابو معاذ، نواف العتیبی، صالح یوسف الزہرانی، الشیخ احمد خالق اور محمد عارف شامل تھے۔ تمام شرکاء نے پاک، سعودی تعلقات اور حالیہ دفاعی معاہدے پر خوشی و اطمینان کا اظہار کیا۔
پاک بزنس فورم کے صدر عقیل آرائیں نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کئی دہائیوں پر محیط مذہبی، ثقافتی اور تجارتی بنیادوں پر قائم ہیں۔ حالیہ دفاعی معاہدہ دونوں ممالک کے باہمی اعتماد کی ایک زندہ مثال ہے جو نہ صرف خطے کے استحکام میں کردار ادا کرے گا بلکہ کاروباری برادری کے لیے بھی نئے مواقع پیدا کرے گا۔
کشمیر کمیٹی کے سردار اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کی دوستی ایک لازوال رشتہ ہے۔ دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی معاہدہ اس تعلق کو مزید مضبوط اور دیرپا بنانے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
پاک بزنس فورم کے چیئرمین حافظ عبد الخالق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پاک، سعودی تعلقات امت مسلمہ کے اتحاد کی علامت ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ کاروباری تعلقات کو وسعت دے کر دونوں ممالک کی معیشت کو مزید مستحکم بنایا جا سکتا ہے۔ سابق وفاقی وزیر چوہدری شہباز نے بھی اپنے خطاب میں دونوں ممالک کے عوامی رشتے اور برادرانہ تعلقات کو سراہا۔ سعودی وفد کی جانب سے بھی گرمجوشی سے اظہارِ خیال کیا گیا اور پاکستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا۔