(سٹاف رپورٹ ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے مسلم لیگ ن کے دورِ حکومت میں جاری ہونے والے اشتہارات کی تفصیلات جاری کرتے ہوئے صحافیوں کو ملنے والے پلاٹ اور پیسوں کی تحقیقات کا اعلان کردیا۔
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی جانب سے میڈیا ہاؤسز کو اشتہارات نہ دینے کا اعتراف کرنے کے بعد فواد چوہدری اور حماد اظہر نے پریس کانفرنس کی۔
وفاقی وزیراطلاعات و نشریات نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے دورمیں وزیراعظم ہاؤس میں ایک میڈیاسیل بنایا گیا تھا، جس کے ذریعے صحافیوں میں پیسے اور پلاٹ تقسیم کیےگئے جبکہ مخالفت کرنے والےصحافیوں اورگروپس کو سزائیں دی گئیں
انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے بدنام زمانہ میڈیاسیل کی سربراہی اور اپنے دور میں صحافیوں کو دی جانے والی سزاؤں کا اعتراف کیا ہے۔
فواد چوہدری نے بتایا کہ ن لیگ دور میں میڈیا سیل کے ذریعے 9 ارب 62 کروڑ روپے سے زائدکی فنڈنگ کی گئی، جس کا اعتراف مریم نواز نے بھی کیا۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ جب یہ پارٹی میڈیاسیل تھا تو دس ارب روپے کی تقسیم کیسے اور کیوں کی گئی؟
فواد چوہدری نے میڈیا ہاؤسز کو جاری اشتہارات کی تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ ن نے اپنے دورِ حکومت میں وفاق سے دس ارب روپے تک کے اشتہارات چیلنز کو دیے، علاوہ ازیں 5 سے 8 ارب روپے پنجاب حکومت کی جانب سےتقسیم کیےگئے، مجموعی طور پر 15 سے 18 ارب روپے تقسیم کیے گئے، یہ رقم من پسند صحافیوں ، چلینز اور میڈیا گروپس کو دی گئی، کسی غیر منتخب شخصیت کی جانب سے رقم کی تقسیم جرم ہے، جس پر ایف آئی اے کا کیس بنتا ہے۔
وفاقی وزیر نے بتایا کہ ہماری حکومت نے دور ارب روپے سے کم مالیت کے اشتہارات جاری کیے جبکہ سابقہ دور میں گورکھ دھندا کھیلا گیا جس کی شہادت آج خود ہی سامنے آئی ہے،صحافی برادری کی آنکھیں کھولنےکیلئےیہ شواہد کافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس معاملے پر انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کا فیصلہ کیا، کس صحافی کوپلاٹ ملا اور کس صحافی کو پیسے، اس کی تحقیقات ہوں گے، انکوائری رپورٹ سب سے پہلےصحافیوں کےسامنے رکھیں گے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عوامی پیسےکا اس طرح استعمال ایک مجرمانہ کیس ہے، جس کی تحقیقات لازمی ہوں گی جبکہ میڈیا ہاؤسز کو فنڈنگ کا معاملہ بھی دیکھا جائے گا، سابقہ دورمیں ذاتی تشہیر کیلئےکہیں نوکریاں توکہیں پلاٹ تقسیم کیےگئے، جوکارروائی ہوگی وہ بھی میڈیا کے ساتھ شیئرکریں گے.
دوسری جانب وزیرتوانائی حماد اظہر نے کہا کہ وفاق کے ساتھ صوبائی حکومتوں نے بھی من پسندصحافیوں اورچینلزمیں پیسہ تقسیم کیا، اس حوالے سے صوبائی حکومتوں سےبھی تفصیلات منگوائی ہیں، مہنگائی کا واویلا کرنے والوں نے قوم کےاربوں روپے ذاتی مفادات پرخرچ کیے جبکہ کچھ میڈیا ہاؤسز کے اشتہارات روکے بھی گئے.
وزیراطلاعات کی جانب سے ن لیگ دور میں میڈیا ہاؤسز اور چیلنز کو جاری اشتہارات کی تفصیلات جاری کی گئیں، جس میں 2013سے 2018 تک جاری ہونے والے اشتہارات اور اُن کی رقم کا سارا ریکارڈ شامل ہے.
وزارتِ اطلاعات کے مطابق مسلم لیگ ن نے اس دورانیے میں جنگ اور جیو گروپ کو3 ارب روپے سے زائد مالیت کے اشتہارات جاری کیے گئے، اے آر وائی نیوزکو صرف ساڑھے 8 کروڑ روپے کے اشتہارات دیئےگئے، ایکسپریس گروپ کو پونے2 ارب روپے، دنیاگروپ کو 1.1 ارب، سرکاری ٹی وی کو 21 کروڑ روپےمالیت کے اشتہارات جاری کیے گئے۔
212