وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یوم عاشورہ محرم الحرام 1443ھ/2021ءکے موقع پر قوم کے نام پیغام 389

وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان کا یوم عاشورہ محرم الحرام 1443ھ/2021ءکے موقع پر قوم کے نام پیغام

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

​آج محرم الحرام 1443ھ کی دس تاریخ ہے جسے یوم عاشورہ بھی کہا جاتا ہے۔ یوم عاشور اسلام کی آمد سے قبل بھی اہم خصوصیات کا حامل رہا ہے لیکن نواسئہ رسول ﷺ کی شہادت سے اسکی اہمیت اور زیادہ ہو گئی ہے۔ امام عالی مقام کی شہادت ایک ایسا المناک اور درد انگیز واقعہ ہے کہ اُمت صدیاں گذرنے کے باوجود اُن کی شہادت پر آج بھی افسردہ اور غم ناک ہے۔ سینکڑوں برس گزر جانے کے باوجود یہ زخم، غم اور واقعہ تازہ ہے۔​نواسئہ رسول اور جگر گوشہ بتول سیّدنا حضرت امام حسین رضی اللہ تعالٰی عنہ نے جب یزید کے جبر واستبداد اور ظلم وستم کو ماننے سے انکار کردیا توآپکو رفقاء سمیت میدان کربلا میں شہید کردیا گیا۔ امام عالی مقام نے شہادت قبول فرمائی لیکن ظلم اور جبر کے سامنے سر نہ جھکایا اور نہ ہی یزید کی حکومت کو تسلیم کیا۔ امام عالی مقام نےاپنے اسوۂ سے یہ ثابت کردیا کہ حق وباطل کے معرکہ میں انسان کو ہمیشہ حق کا ساتھ دینا چاہیے اور قربانی دینے سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔اسوۂِ شبیری باطل سے ٹکراؤ کا ایک استعارہ بن چکاہے اور یہ جرأت وبہادری کا وہ مینار نور ہے جہاں سے ہمیشہ کے لیے ظلم وتشدد اور بربریت کے خلاف اٹھنے والی تحریکیں روشنی حاصل کرتی رہیں گی

عزیز ہم وطنو!

​حق وباطل کا معرکہ ازل سے ہے اور ابد تک رہے گا۔ لہذا ہمیں چاہیے کہ ہم ہر دور میں سچ اور انصاف کا ساتھ دیں جھوٹ اور مکر وفریب کی ہر چال کو ناکام بناتے ہوئے امام عالی مقام کو خراجِ عقیدت پیش کریں۔ دینِ اسلام کے جن اصولوں کی خاطرحضرت امام حسینؓ نےآلِ رسولﷺ کی شہادت پیش کی ان اصولوں کی علمبرداری کے لیے ہم بھی قربانی پیش کرنے سے کبھی پیچھے نہ ہٹیں۔ شہادت حضرت امام حسینؓ کا یہ پیغام ہے کہ باطل بظاھر جتنا بھی عروج پر ہو اس نے بالآخر مٹنا ہوتا ہے اور حق کو جتنا بھی دبایا جائے اس نے قائم رہنا ہوتا ہے۔اللہ تعالٰی سے دعا ہے کہ وہ ہمیں حضرت امام حسینؓ کے جذبہ شہادت، ایثار، قربانی اور حق پرستی کو اپنے اندر تازہ کرنے کی توفیق عطا فرمائے تاکہ ہم ملک وملت کی سربلندی کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار ہوں​آخر میں اس بات کا اعادہ ضروری سمجھتا ہوں کہ کرونا سے متعلق ایس او پیز (SOPs) پر عمل درآمد کو بھی یقینی بنائیں تاکہ ملک پاکستان اس وباء کے خطرات سے مکمل طور پر محفوظ ومامون ہو جائے۔ اللہ تعالٰی ہمارا حامی وناصر ہو۔
پاکستان پائندہ باد

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں