جدہ میں یومِ استحقاقِ کشمیر کی پُر وقار تقریب
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ اور مقامی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے اشتراک سے 5 اگست کو "یومِ استحقاقِ کشمیر" کے موقع پر ایک بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا
جدہ رپورٹ :ثناء شعیب :پی این پی نیوز ایچ ڈی
مقررین کا اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے فیصلہ کن اقدامات کا مطالبہ
قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ اور مقامی پاکستانی و کشمیری کمیونٹی کے اشتراک سے 5 اگست کو "یومِ استحقاقِ کشمیر” کے موقع پر ایک بامقصد تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس دن کو بھارت کی جانب سے 2019 میں جموں و کشمیر کی خود مختار حیثیت کے خاتمے کے خلاف بطورِ احتجاج منایا جاتا ہے۔
تقریب قونصلیٹ جنرل کے احاطے میں منعقد ہوئی، جس میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی، کشمیری اور میڈیا نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، جس کے بعد پاکستان کے صدر، وزیراعظم اور وزیر خارجہ کے خصوصی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں کشمیری عوام سے یکجہتی اور ان کے حق خودارادیت کی حمایت پر زور دیا گیا۔
تقریب میں ایک دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جس میں غیر قانونی بھارتی قبضے کے تحت مقبوضہ کشمیر (IIOJ&K) میں جاری انسانی حقوق کی پامالیوں اور مظلوم کشمیریوں کی حالت زار کو اُجاگر کیا گیا۔
کلیدی مقررین میں قونصل جنرل آف پاکستان جدہ جناب خالد مجید، او آئی سی کے مستقل نمائندے جناب سید فواد شیر، چیئرمین کشمیر کمیٹی جدہ جناب مسعود احمد پوری، اور چیئرمین جموں و کشمیر کمیونٹی اوورسیز انجینئر عارف مغل شامل تھے۔
مقررین نے بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کی شدید مذمت کی، اور اس عمل کو اقوام متحدہ کی قراردادوں، بین الاقوامی قوانین اور انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے عالمی برادری، بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی سے مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے پُرامن اور منصفانہ حل کے لیے مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات کریں۔
مقررین نے کشمیری عوام کی جدوجہد، قربانیوں اور عزم و استقلال کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حق خودارادیت کشمیریوں کا بنیادی اور ناقابل تنسیخ حق ہے۔
تقریب کے اختتام پر شہداء کشمیر کے لیے اجتماعی دعا کی گئی اور خطے میں امن، ترقی اور پاکستان کی خوشحالی کے لیے دعا مانگی گئی۔