انٹرویواہم خبریںبین الاقوامیبین الاقوامی خبریںپاکستانتصاویر اور مناظردلچسپ و عجیبسیاستملٹی میڈیا

جدہ: وزیراعظم شہباز شریف سمندر پار پاکستانیوں کی خدمت کو اولین ترجیح دے رہے ہیں، چوہدری احسان الحق

جدہ رپورٹ :مریم شاہد پی این نیوز ایچ ڈی

وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف سمندر پار پاکستانیوں کی خدمت کو اپنی حکومت کی اولین ترجیح قرار دیتے ہیں۔ یہ بات وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری احسان الحق باجوہ نے جدہ میں پاکستانی کمیونٹی کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری کی جدہ آمد کے موقع پر مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری ملک منظور حسین اعوان کی جانب سے ان کے اعزاز میں عشائیہ دیا گیا، جس میں اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن (او پی ایف) کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد افضال بھٹی بھی شریک تھے۔ قبل ازیں دمام، ریاض اور جدہ میں پاکستانی کمیونٹی نے محمد افضال بھٹی اور چوہدری احسان الحق کا والہانہ استقبال کیا، جبکہ کمیونٹی رہنماؤں نے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے مثبت تجاویز پیش کیں۔

چوہدری احسان الحق باجوہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ اوورسیز پاکستانی محض ترسیلاتِ زر بھیجنے والے نہیں بلکہ پاکستان کی معاشی خودمختاری اور ریاستی استحکام کی اصل قوت ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق، عزت اور تحفظ پر کسی قسم کی سیاست یا مصلحت قبول نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت نے اقتدار کو ذاتی مفاد کے بجائے ریاستی ذمہ داری سمجھا ہے، جبکہ ماضی میں بعض عناصر نے اوورسیز پاکستانیوں کو صرف جلسوں اور نعروں تک محدود رکھا۔ ان کا کہنا تھا کہ آج عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں جن میں قانون سازی، خصوصی عدالتوں کا قیام، سہولت مراکز اور ادارہ جاتی اصلاحات شامل ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ حکومت باتوں کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے۔

وفاقی پارلیمانی سیکرٹری نے سخت لہجے میں کہا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف نفرت، انتشار اور ریاست دشمن بیانیہ پھیلانے والوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ ریاست اب خاموش نہیں رہے گی۔ قومی سلامتی، آئین اور ریاستی اداروں کے خلاف ہر سازش کا قانونی اور سیاسی جواب دیا جائے گا۔

اس موقع پر اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد افضال بھٹی نے اپنے تفصیلی خطاب میں کہا کہ او پی ایف وزیراعظم کے وژن کے مطابق بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے فوری حل، فلاحی منصوبوں اور حقوق کے تحفظ کے لیے فرنٹ لائن ادارے کے طور پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ او پی ایف کسی دباؤ، سفارش یا سیاسی مفاد کے بغیر اوورسیز پاکستانیوں کی آواز بنے گی۔

محمد افضال بھٹی نے مزید کہا کہ سعودی عرب سمیت دنیا بھر میں مقیم اوورسیز پاکستانی پاکستان کا روشن چہرہ ہیں اور ان کے اعتماد کو نقصان پہنچانے والوں کو قوم کبھی معاف نہیں کرے گی۔

جدہ میں منعقدہ عشائیہ میں او پی ایف کے بورڈ ممبر اور چیئرمین تعلیمی کمیٹی محمد کامران خان، ڈائریکٹر کے بی ایم سلمان خان، پاکستان انوسٹمنٹ فورم کے جنرل سیکرٹری عبدالخالق لک، کشمیر کمیٹی کے جنرل سیکرٹری سردار اقبال، مسلم لیگ (ن) سعودی عرب کے جنرل سیکرٹری ملک منظور حسین اعوان، مسلم لیگ ریاض کے رانا خالد اکرم، بلو شیر، کاشف رندھاوا، رانا اشرف، امجد اعوان اور رانا زیب سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی خطاب کیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے