(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک۔نیوز پوائنٹ )
وزیرِ اعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ترجیحاتی شعبوں کے تحت بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ترسیلاتِ زر بھیجنے میں آسانی اور مزید سہولیات دینے پر جائزہ اجلاس.
وزیرِ خزانہ شوکت فیاض ترین، معاونِ خصوصی ڈاکٹر شہباز گِل، گورنر سٹیٹ بنک رضا باقر، چیئرمین نادرا محمد طارق ملک اور متعلقہ اعلی افسران کی شرکت.
اجلاس کو بتایا گیا کہ وزارتِ خزانہ اور سٹیٹ بنک مل کر ترسیلاتِ زر بھیجنے والے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے ایک جامع پیکیج تیار کر رہے ہیں جس میں نہ صرف بھیجی گئی رقوم کے تناسب سے مالی مراعات و انعامات شامل ہیں بلکہ بینیفشری اکاؤنٹ کھولنے اور رقوم کی فوری منتقلی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے. مذکورہ نظام کیلئے ایک ڈیجیٹل ایپلیکیشن بھی تیاری کے مراحل میں ہے. مراعات کی فراہمی کیلئے 9 بڑے قومی اداروں کے ساتھ مل کر کام کیا جا رہا ہے جو سفری سہولیات سے لے کر شناختی دستاویزات کی تیاری، اشیاءِ ضروریہ کی خریداری، ٹیکس کی ادائیگی، انشورنس اور بچوں کے تعلیمی اخراجات میں رعایت و مراعات فراہم کریں گے. آئندہ ماہ کے اوائل تک کام مکمل کر کے پروگرام کا باقاعدہ اجراء کر دیا جائے گا.
وزیرِ اعظم نے اس موقع پر کہا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں اور ترسیلاتِ زر کے بڑھتے ہوئے اعشاریے انکے حکومت کی پالیسیوں پر اعتماد کو ظاہر کرتے ہیں. وزیرِ اعظم نے ان اقدامات سے متعلق وضع کردہ معینہ مدت میں کام کی تکمیل کو یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی کڑی نگرانی کیلئے لائحہ عمل بنا کر شکایات کے ازالے کیلئے پورٹل بھی منصوبے کا حصہ بنایا جائے۔.