وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، ایرانی ہم منصب ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان کی دعوت پر ایران کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ۔ 209

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی، ایرانی ہم منصب ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان کی دعوت پر ایران کا دو روزہ دورہ مکمل کر کے واپس وطن روانہ۔

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

امام خمینی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ایران میں تعینات پاکستانی سفیر رحیم حیات قریشی اور وزارت خارجہ ایران کے سینئر حکام نے وزیر خارجہ کو الوداع کیا۔ وزیر خارجہ نے اپنے دو روزہ دورے کے دوران، تہران میں منعقدہ، افغانستان کے ہمسایہ ممالک کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی اور افغانستان کی مخدوش اقتصادی و معاشی صورتحال کی جانب شرکاء کی توجہ مبذول کروائی۔ اس موقع پر تاجکستان، ازبکستان اور ترکمانستان کے وزرائے خارجہ کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دو طرفہ تعلقات، مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے علاقائی سطح پر مشترکہ لائحہ عمل کی تشکیل کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خارجہ نے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر حسین امیر عبداللہیان اور ایران کے صدر ڈاکٹر ابراہیم رئیسی کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔ وزیر خارجہ نے افغانستان کے پڑوسی ممالک کے دوسرے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر انہیں مبارکباد دی اور پرخلوص میزبانی پر شکریہ ادا کیا۔ تہران میں میڈیا نمائندگان سے گفتگو کی اور انہیں مختلف علاقائی و عالمی امور پر پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ تہران میں پاکستانی سفارتخانے اور پاکستان ہاؤس کا دورہ کیا اور سفارتخانے میں تعینات افسران سے ملاقات کی۔وزیر خارجہ نے پاکستانی سفارتخانے کے زیرِ انتظام سکول کا دورہ بھی کیا۔ انہوں نے ایمبیسی سکول میں معیار تعلیم کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کی۔وزیر خارجہ کا یہ دورہ ء ایران ،علاقائی امن و استحکام اور پاک – ایران تعلقات کی وسعت پذیری کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں