برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین کی جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کے ہمراہ وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات 225

برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ قربان حسین کی جموں و کشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کے ہمراہ وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف برطانوی پارلیمنٹ اور بین الاقوامی فورمز پر سفارتی کاوشوں کے حوالے سے تبادلہء خیال۔ وزیر خارجہ نے برطانوی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر لارڈ قربان کا شکریہ ادا کیا
برطانوی پارلیمنٹ سمیت دنیا کی اہم پارلیمان میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بحث، عالمی برادری کی جانب سے ہمارے موقف کی توثیق ہے،وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے کامیاب ویبینار کے انعقاد پر، جموں وکشمیر تحریک حق خودارادیت انٹرنیشنل کے چیئرمین راجہ نجابت حسین کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سرکار کے مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019 کے یک-طرفہ اور غیر آئینی اقدامات کو دنیا بھر میں بسنے والے کشمیریوں نے یکسر مسترد کر دیا ہے۔ بھارت کی ہندوتوا پالیسیوں کے باعث ہندوستان میں مقیم تمام اقلیتیں عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ بھارت سرکار کی جانب سے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادیاتی تناسب کو تبدیل کرنے کی گھناؤنی سازش مکمل طور پر بے نقاب ہو چکی ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ عالمی برادری، مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری مظالم کو رکوانے کیلئے اپنا موثر ادا کرے۔ کل، 5 اگست کو، کشمیری بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی اور بھارتی یک-طرفہ اقدامات کے خلاف پورے پاکستان میں احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ پاکستان، بھارت سمیت خطے کے تمام ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات کا خواہاں ہے۔ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیریوں کی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ خطے میں قیام امن کیلئے بھارت کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں اٹھائے گئے 5 اگست 2019 کے یک-طرفہ اقدامات کو واپس لینا ہو گا، وزیر خارجہ نے سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ اور صدر سلامتی کونسل کو لکھے گئے حالیہ خط کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان، کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں