(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
سری لنکا کی ٹیم 164 رنز کے تعاقب میں137رنز بناسکی۔سری لنکا کی پوری ٹیم 19ویں اوور میں پویلین لوٹ لگئی۔سری لنکا کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور پہلی وکٹ پہلے ہی اوور میں گرگئی،ناسنکا ایک گیند پر ایک رنز بناکر رن آؤٹ ہوئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد سری لنکا نے جارحانہ انداز اپنا یا مگر اس کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں۔دوسرے اوپننگ بلے باز کوشل پریرا نو گیندوں پر سات رنز بناکر عادل رشید کا نشانہ بنے۔اسلانکا 16گیندوں پر21 رنز بناکر عادل رشید کے ہاتھوں ہی آؤٹ ہوئے۔اوشکا فرنینڈو 14 گیندوں پر 13 رنز بناکر کرس جارڈن کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ راجہ پکسے 18گیندوں پر 26 رنز بناکر کرس ووکس کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ایک سٹیج پر سری لنکا کو جیت کے لیے چار اوورز میں41 رنز چاہیے تھے تاہم کپتان داسن شاناکا اور ہسارنگا یکے بعد دیگر ےآؤٹ ہوگئے جس سے سری لنکا کو دھچکا پہنچا۔داسن شاناکا 26،ہسارنگا 34،چمیرا چار ،کرونا رتنے صفر رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے عادل رشید، معین اور کرس جارڈن نے دو ،دو جبکہ لیم لیونگ سٹون اور کرس ووکس نے ایک ایک وکٹ حاصل کی.
قبل ازیں انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کے لیے164ے رنز کا ہدف دیا تھا۔انگلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 163رنز بنائے۔انگلینڈ نے سری لنکا کے خلاف جارحانہ آغاز کیا مگر دوسرے ہی اوور میں اس کی پہلی وکٹ گر گئی، اوپننگ بلے باز جیسن رائے چھ گیندوں پر نو ررنز بناکر ہسارنگا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔پہلی وکٹ گرنے کے بعد انگلش بلے بازوں نے محتاط انداز اپنایا اور بڑی شاٹس کی بجائے پارٹنرشپ قائم کرنے کی کوشش کی، مگر انگلش بلے بازوں کو اس میں کامیابی نہ ملے اورپانچویں اوور کی آخری گیند پر ڈیوڈ میلان چمیرا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔چھٹے اوور کی دوسری گیند پر انگلینڈ کی تیسری وکٹ گری، جونی بیئر سٹو بغیر کوئی رنز بنائے ہسارنگا کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ ابتدائی تین وکٹیں جلد گرنے کے بعد انگلش بلے باز دباؤ میں دکھائی دئیے جس کے باعث رن ریٹ میں واضح کمی آئی۔انگلینڈ نے 12اوورز کے بعد تین وکٹوں کے نقصان پر 61 رنز بنائے تھے تاہم اگلے پانچ اوورز میں انگلش بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنا اور چار اوورز میں 60 رنز سمیٹے۔کپتان ایون مورگن 19 ویں اوور میں 36 گیندوں پر 40 رنز بناکر ہسارنگا کی گیند پر بولڈ ہوئے۔انگلینڈ کی جانب سے جوس بٹلر سب سے کامیاب بلے باز رہے،انہوں نے اپنی اننگز میں چھ چوکے اور چھ چھکے لگائے۔بٹلر نے 67 گیندوں پر 101رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ٹی 20 ورلڈکپ میں یہ پہلی سینچری ہے.
قبل ازیں سری لنکا نے انگلینڈ کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ٹاس جیتنے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے سری لنکا کے کپتان داسن شاناکا کا کہنا تھا کوشش ہوگی انگلینڈ کو کم سے کم سکور تک محدود رکھیں، رات کے وقت شبنم پڑسکتی ہے جس کے پیش نظر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے۔پچ رپورٹ دیتے ہوئے شین واٹسن کا کہنا تھا کہ یہ نارمل شارجہ پچ ہے،جس پر بلے بازوں کو شاٹس کھیلنے میں مدد ملےگی، یہاں کی باؤنڈری دیگر دو گراؤنڈز کی نسبت چھوٹی ہے.
واضح رہے کہ سری لنکا کے لیے اس میچ میں جیت سیمی فائنل تک رسائی کے لیے بہت ضروری ہے اگر سری لنکا آج کا میچ نہ جیت سکتی تو وہ سیمی فائنل کی دوڑ سے باہر ہوجائے گی.