وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دورہء برطانیہ کے دوران، برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹرس کے ساتھ ملاقات 410

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی دورہء برطانیہ کے دوران، برطانوی وزیر خارجہ لِز ٹرس کے ساتھ ملاقات

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

ملاقات برطانوی دفتر خارجہ میں ہوئی۔ دوران ملاقات پاک – برطانیہ دو طرفہ تعلقات، باہمی دلچسپی کے کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی سلامتی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا برطانوی وزیر خارجہ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے استحکام کیلئے، برطانوی ہم منصب کے ساتھ مل کر کام کرنے کا عندیہ دیا تاکہ دو طرفہ اسٹریٹیجک تعلقات کو اگلے مرحلے تک لے جانے کیلئے مشترکہ کوششیں بروئے کار لائ جا سکیں ،وزیر خارجہ نے برطانوی ہم منصب کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور خطے کے امن کو درپیش خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پائمالیوں کے حوالے سے برطانوی پارلیمنٹ میں مباحثے کا انعقاد، قابلِ تحسین ہے۔ ہمیں توقع ہے کہ برطانیہ، نہتے کشمیریوں کو بھارتی استبداد سے نجات دلانے اور ان کے جائز حق “حق خود ارادیت” کے حصول کیلئے اپنا موثر کردار ادا کریگا، وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں قابض بھارتی افواج کے تین ہزار سے زائد جنگی جرائم کے ٹھوس اور ناقابلِ تردید شواہد پر مبنی دستاویزی ثبوت “ڈوزیئر” برطانوی ہم منصب کو پیش کیا دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغانستان کی ابھرتی ہوئی صورتحال پر تبادلہ ء خیال ہوا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پاکستان کی اولین ترجیح افغانستان کو پنپتے ہوئے انسانی بحران سے بچانا ہے،وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے، افغان شہریوں کو بھجوائ گئی انسانی امداد اور “انسانی راہداری” (Human Corridor ) کے قیام سے برطانوی وزیر خارجہ کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کابل سے دس ہزار سے زائد غیر ملکی شہریوں کو بحفاظت نکالنے میں معاونت فراہم کی۔ موجودہ حالات میں ضرورت اس بات کی ہے کہ عالمی برادری ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھتے ہوئے، افغانستان کو تنہا نہ چھوڑے۔ عالمی برادری، افغانستان کو انسانی بحران سے بچانے کیلئے ان کی انسانی و معاشی معاونت کو یقینی بنائے
پاک- برطانیہ، اسٹریٹیجک مذاکرات کے پانچویں جائزہ اجلاس کے حوالے سے برطانوی وزیر خارجہ الزبتھ ٹرس کو دورہ ء پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے شکریہ کے ساتھ قبول کیا
واضح رہے کہ پچھلے ایک ماہ کے دوران، یہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان وزرائے خارجہ کی سطح پر ہونیوالی دوسری ملاقات ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں