اسلامک یکجہتی گیمز 2025 کا رنگا رنگ آغاز ،الریاض میں شاندار افتتاحی تقریب، اسلامی ممالک کے کھلاڑیوں اور معزز شخصیات کی بھرپور شرکت
الریاض سعودی عرب شاہین جاوید : پی این نیوز ایچ ڈی
سعودی دارالحکومت الریاض میں اسلامک یکجہتی گیمز 2025 کی شاندار افتتاحی تقریب رنگا رنگ مناظر کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں گورنر ریاض شہزادہ فیصل بن بندر بن عبدالعزیز سمیت اسلامی ممالک کے کھلاڑیوں، نمائندوں اور اعلیٰ حکومتی شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قران پاک اور سعودی قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد مختلف اسلامی ممالک کے دستے پرچم تھامے میدان میں داخل ہوئے تو اسٹیڈیم تالیوں سے گونج اٹھا۔
افتتاحی تقریب میں جدید روشنیوں، ثقافتی مظاہروں اور روایتی عرب رقص نے شائقین کو مسحور کر دیا۔ اسلامی اتحاد، امن اور کھیلوں کے ذریعے بھائی چارے کے پیغام پر مبنی تھیم نے تقریب کو ایک عالمی رنگ دیا۔
سعودی وزیر کھیل شہزادہ وزیرِ کھیل شہزادہ عبدالعزیز بن ترکی الفیصل نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلامک یکجہتی گیمز امت مسلمہ کے نوجوانوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور مثبت سوچ کے فروغ کا ذریعہ ہیں۔
افتتاحی تقریب میں شاندار آتش بازی، لیزر شو اور ثقافتی پریڈ نے فضا کو مزید دلکش بنا دیا۔ گیمز میں درجنوں اسلامی ممالک کے ہزاروں ایتھلیٹس مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ یہ ایونٹ نہ صرف کھیلوں کا مقابلہ ہے بلکہ اسلامی دنیا میں یکجہتی، امن اور تعاون کا خوبصورت پیغام بھی ہے۔
55 رکنی پاکستانی دستے سمیت دنیا بھر سے 57 اسلامک ممالک کے کھلاڑی اسلامک یکجہتی گیمز جس میں والی بال، فٹسل، تیراکی، باکسنگ، جیودو، ٹیبل ٹینس اور ویٹ لفٹنگ شامل ہیں حصہ لے رہے ہیں۔
ایک ہی قوم اور ایک ہی جزبہ کے سلوگن کے ساتھ اسلامی یکجہتی گیمز 2025 سعودی عرب کی میزبانی، ثقافت اور کھیلوں کے عالمی معیار کی عکاسی کر رہے ہیں۔
اسلامی یکجہتی گیمز 21 نومبر تک جاری رہیں گی۔







