Simultaneous two major summits in the region on Afghanistan 232

افغانستان پر خطے میں بیک وقت دو بڑے اجلاس

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
بدھ کو انڈیا میں افغانستان کے معاملے پر سلامتی کے مشیروں کا اجلاس شروع ہو ا جس میں افغانستان یا پاکستان کی کوئی نمائندگی نہیں ہوگی،البتہ اسی روز طالبان حکومت کے وزیر خارجہ ایک اعلیٰ وفد کے ہمراہ اسلام آباد پہنچ رہے ہیں.
افغانستان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے ایک بیان میں کہا کہ وزیر خارجہ امیر خان متقی اسلام آباد جانے والے وفد کی قیادت کریں گے.متقی کو جمعرات کو پاکستان کے دارالحکومت میں ہونے والے اعلیٰ سطحی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے جس میں روس، چین، امریکہ اور پاکستان کے نمائندے شامل ہوں گے.


اِدھر انڈین وزارت خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل یہ اجلاس 2018 اور 2019 میں ایران میں منعقد ہوا تھا۔اجلاس میں افغانستان پر طالبان کے قبضے کے بعد ملک کی بدلی ہوئی حالیہ صورتحال اور اس سے پیدا ہونے والی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور بات چیت میں ان چیلنجز سے نمٹنے کے طریقوں پر بھی غور کیا جائے گا.
روس اور ایران کے علاوہ افغانستان کی سرحد سے متصل وسطی ایشیا کے پانچ ممالک ازبکستان، ترکمانستان، قازقستان، کرغزستان اور تاجکستان کے سکیورٹی مشیر بھی اس اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں تاہم چین اور پاکستان نے شرکت سے معذرت کر لی ہے جبکہ افغانستان کی حالیہ انتظامیہ میں سے کسی کو اجلاس میں مدعو نہیں کیا گیا.
انڈیا کے قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کی سربراہی میں ہونے والی اس ملاقات کو ’دہلی ریجنل سیکورٹی ڈائیلاگ آن افغانستان‘ کا نام دیا گیا ہے اور اجلاس میں ایران کے ریئر ایڈمرل علی شمخانی، روس کے نکولائی پی پیٹروشیف، قازقستان کے کریم ماسیموف، کرغزستان کے مارات مکانووچ، تاجکستان کے نصرلو رحمتزو محمود زودا، ترکمانستان کے سی کے اماووو اور ازبکستان کے وکٹر مخمودوف شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اعلیٰ سطحی مذاکرات میں افغانستان میں حالیہ پیش رفت سے پیدا ہونے والی علاقائی سلامتی کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کی حمایت کی جائے گی، ساتھ ہی انسانی امداد کے حوالے سے بھی بات چیت ہوگی۔ وہاں کے لوگوں کو انسانی امداد کیسے پہنچائی جائے اس پر بھی بات چیت ہو سکتی ہے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں