انٹرویواہم خبریںبین الاقوامیبین الاقوامی خبریںپاکستانتصاویر اور مناظرٹیکنالوجیدلچسپ و عجیبملٹی میڈیا

دبئی میں ائیر شو کے دوران بھارت کا جنگی طیارہ تیجس گر کر تباہ

اسٹاف رپورٹ: پی این نیوز ایچ ڈی

دبئی ائیر شو کے دوران بھارت کا مقامی طور پر تیار کردہ جنگی طیارہ ’تیجس‘ فضائی مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں بھارتی پائلٹ ہلاک ہوگیا۔ حادثے کے بعد ائیر شو کے تمام فضائی مظاہرے عارضی طور پر معطل کر دیے گئے ہیں جبکہ علاقے کو سیل کرکے شواہد اکٹھے کرنے کا عمل جاری ہے.

رپورٹس کے مطابق بھارتی فضائیہ کا طیارہ اپنے مقررہ ایئر ڈیمونسٹریشن میں مصروف تھا کہ اچانک تکنیکی خرابی کے باعث توازن کھو بیٹھا اور دیکھتے ہی دیکھتے زمین سے جا ٹکرایا۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا تاہم پائلٹ جانبر نہ ہو سکا.

بھارتی ائیر فورس نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دبئی ائیر شو میں شامل تیجس طیارہ معمول کی پرواز کے دوران کریش ہوا۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ حادثے کے اسباب جاننے کے لیے مکمل تعاون فراہم کیا جائے گا.

دوسری جانب دبئی ائیر شو انتظامیہ نے بھی طیارہ حادثے کی جامع تحقیقات کا اعلان کیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق تمام فضائی مظاہرے فی الحال روک دیے گئے ہیں تاکہ سکیورٹی اور حفاظتی پروٹوکول کا جائزہ لیا جاسکے.

متاثرہ علاقہ مکمل طور پر سیل کردیا گیا ہے اور ماہرین کی ٹیمیں ملبے سے شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔ تحقیقاتی رپورٹ حادثے کی نوعیت، ممکنہ تکنیکی خرابی اور حفاظتی اقدامات کا تعین کرے گی.

واضح رہے کہ تیجس بھارت میں تیار کیا جانے والا ہلکا لڑاکا طیارہ ہے، جس کی پہلی آزمائشی پرواز 2001 میں کی گئی تھی۔ یہ طیارہ بھارتی فضائیہ کے مقامی دفاعی پروگرام کا اہم حصہ سمجھا جاتا ہے.

حادثے کے باعث ائیر شو میں شریک بین الاقوامی ٹیموں اور شرکاء میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے اور ایئر شو کی سکیورٹی پر بھی مزید نظر ثانی کیے جانے کی توقع ہے.

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے