خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی پنجاب پولیس کی کارروائیوں پر شدید مذمت
اسٹاف رپورٹ: پی این نیوز ایچ ڈی
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے پنجاب پولیس کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں کے ساتھ مبینہ تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے.
انہوں نے کہا کہ خود کو فرعون سمجھنے والے مرد سے مقابلہ نہ کر پانے کے بعد گھر کی خواتین پر حملے قابلِ مذمت اور بزدلی کی اعلیٰ مثال ہیں.
سہیل آفریدی نے مزید کہا کہ اس سے قبل عمران خان کی اہلیہ پر بھی الزامات لگا کر حملے کیے جا چکے ہیں، جو سیاسی اور اخلاقی نقطہ نظر سے ناقابلِ قبول ہیں.
انہوں نے اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ آج ایک صوبائی وزیر مینا خان کے ساتھ بھی تشدد کیا جا رہا ہے، جبکہ قومی اسمبلی کے رکن شاہد خٹک اور دیگر صوبائی و قومی اراکین کو گرفتار کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں.
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت اور آئین و قانون کی صورتحال خطرناک حد تک متاثر ہو چکی ہے، اور حالات کو زبردستی ایسے رخ پر لے جایا جا رہا ہے جہاں سے واپسی ناممکن ہو سکتی ہے.



