رپورٹ آصف خان بلوچ دبئی :پی این پی نیوز ایچ ڈی
طویل صبر آزما انتظار کے بعد بالآخر امارات سے پاکستانیوں کے لیے ایک اچھی خبر آ گئی۔ دبئی کا پانچ سالہ کثیر الداخلہ (5 ائیر ملٹی پل) ویزا کے حصول کے لیے اب پاکستانی شہری بھی ایپلائے کر سکتے ہیں۔ کئی لوگوں نے اس کی تفصیلات کے لیے رابطے کیے ہیں۔ احباب کی آسانی اور معلومات کے لیے کچھ تفصیلات یہاں آپ دوستوں کے ساتھ شئیر کی جارہی ہیں جو امید ہے آپ کے لیے مفید رہیں گی ۔
ویزا ایپلائے کرنے کے لیے معمول کے دستاویزات جیسے پاکستانی شناختی کارڈ ، پاسپورٹ بمع چھ ماہ ویلیڈیٹی، تعلیمی اسناد (اگر ہوں تو) درکار ہوں گی۔ ویزے کے حصول کے لیے اچھی ٹریول ہسٹری مددگار ثابت ہو سکتی ہے۔ لیکن اس کے ساتھ ساتھ جو مختلف اور کسی حد تک مشکل مطلوبہ شرط ہے وہ آپ کا بینک اسٹیٹمنٹ ہے جو گزشتہ چھ ماہ تک ماہانہ بنیادوں پر پانچ ہزار ڈالر کے مساوی پاکستانی رقم کے حساب سے بیلینس مینٹین ہونی چاہیے ۔ نیز اکاؤنٹ مینٹینینس سرٹیفکیٹ بمع بینک اتھارٹی کے دستخط اور مہر کے درکار ہوگا۔ اس ویزا کے حصول کے لیے آپ کو تین ہزار درہم بطور زر ضمانت (ڈیپوزٹ) بھی جمع کرانے ہوں گے۔
اس کے بعد آپ کا ویزہ پراسس کیا جا سکے گا۔ ویزہ درخواست کے ابتدائی مراحل امارات میں ہوں گے جس کے بعد آپ کی درخواست پاکستان میں موجود اماراتی ایمبیسی کو بھیج دی جائے گی جہاں آپ کو حاضر ہو کر انٹرویو اور ڈاکیومنٹس ویری فکیشن کے مراحل سے گزرنا ہوگا۔ اس کے بعد اگر آپ کے دستاویز درست اور انٹرویو ٹھیک رہا تو انشاء اللّہ آپ کو امارات کا ویزہ فراہم کر دیا جائے گا۔ ویزہ ہولڈر ایک وزٹ پر زیادہ سے زیادہ امارات میں نوے روز قیام کر سکیں گے، اس کے بعد انہیں ایگزٹ کرنا ہوگا۔ پھر دوبارہ اسی طرح پانچ سال تک سائیکل چلا سکتے ہیں ۔