عوام نے باہر نکل کر ثابت کیا ہے قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے,سندھ حکومت نے سندھی ٹوپی، اجرک کی بے حرمتی کی.وزیر اعلیٰ پختو نخوا سہیل آفریدی
اسٹاف رپورٹ :پی این نیوز ایچ ڈی
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کا مزارِ قائد چوک کراچی میں جلسے سے خطاب
رکاوٹوں کے باوجود جلسہ پتھراؤ،شیلنگ،گرفتاریاں سندھ حکومت نے اچھا سلوک نہیں کیا،عوام ڈی چوک جانے کو تیارِ،سہیل آفریدی
سندھ حکومت نے سندھی ٹوپی، اجرک کی بے حرمتی کی ، پیپلز پارٹی کی ڈکٹیٹرشپ قائم ، فسطائیت یاد رہے گی, وزیر اعلیٰ پختو نخوا کا باغ جناح کے قریب خطاب وزیراعلیٰ ٹریفک میں پھنسے رہے ، مزار قائد کے دروازے بند ،جس دن قوم نے فیصلہ کر لیا جبر خود بخود ختم : سلمان اکرم
کراچی میں رکاوٹوں کے باوجود تحریک انصاف جلسہ کرنے میں کامیاب رہی ، دن بھر پولیس اورپی ٹی آئی کارکنوں میں آنکھ مچولی جاری رہی ،پولیس نے شیلنگ کی اورمتعددکارکنوں میں حراست میں لیا.
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے باغ جناح کے قریب جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پنجاب میں حکومت نے ہمارے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا اورسندھ میں بھی سندھ حکومت نے اچھا سلوک نہیں کیا،اس کے بعد خیبرپختونخوا میں اگلا پڑاؤ رکھیں گے ،سٹریٹ موومنٹ کے ذریعے عمران خان کا پیغام ملک بھر میں پہنچائیں گے ،سندھ کی عوام کا مشکور ہوں کراچی کی عوام کا دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں ،عوام نے باہر نکل کر ثابت کیا ہے قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے۔
جو سوچ رہے تھے کہ عمران خان کی سیاست ختم ہو جائے گی وہ آج آکر دیکھ لیں جس دن عمران نے پیغام دیا عوام تیار ہے ،کراچی کی عوام نے آج ثابت کیا ہے کہ بغیر سہولیات کے بھی جلسہ ہوسکتا ہے ،سندھ حکومت نے رکاوٹیں ڈالیں عوام نے سب رکاوٹیں ہٹا کر جلسہ کامیاب بنایا، آج لاکھوں کا مجمع ہے ،کراچی کی عوام نے ثابت کیا ہے کراچی کی نمائندہ جماعت پی ٹی آئی ہے ، جو لوگ جمہوریت کے دعویدار تھے وہ جمہوریت پسند نہیں نکلے.
سندھ حکومت نے سندھی ٹوپی اجرک کی بے حرمتی کی ہے ،عوام سندھ حکومت کو معاف نہیں کرے گی ،پیپلز پارٹی نے ملکر آئین کا ڈھانچہ تبدیل کر دیا ہے ، سندھ میں پیپلز پارٹی کی ڈکٹیٹرشپ قائم ہے عوام تیار ہے ڈی چوک جانے کو عمران خان کی کال کا انتظار ہے ،عوام کو تیار رہنا ہے یہی جذبہ جنوں رکھنا ہے ہم کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ وہ ہمارے حقوق ختم کرے ہم کسی کو اجازت نہیں دینگے کہ قوم کے لیڈر کو بلا جواز جیل میں رکھیں ،جو بھی بانی پی ٹی آئی کا حکم ہوگا ہم ویسا کرینگے ،سندھ میں ہونے والی فسطائیت ہمیشہ یاد رہے گی، قبل ازیں قائد اعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری کا وقت ختم ہونے پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نہ پہنچ سکے.
وزیراعلیٰ کا قافلہ بلدیہ سے نمائش چورنگی کی طرف گامزن تھاکہ شام 6 بجتے ہی قومی پرچم سرنگوں کرکے مزارقائد کے دروازے بند کردیئے گئے ۔اس سے پہلے باغِ جناح میں پولیس کی بھاری نفری داخل ہو گئی اورکارکنوں کو زبردستی نکال دیا گیا اور متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ، پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی۔پولیس کے مطابق30 کارکنوں کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ ایک پولیس اہلکار مظاہرین کے تشدد سے زخمی ہوا ہے.
سپر ہائی وے کی اچانک بندش نے شہر کو مفلوج کر دیا اور سہیل آفریدی بھی ٹریفک جام میں پھنسے رہے ،پولیس نے نمائش چورنگی سے مزار قائد جانے والا راستہ بھی بند کر دیا .اس سے پہلے سہیل آفریدی نے ویڈیو بیان میں کہاکہ حیدرآباد سے کراچی پہنچنے میں ہمیں ساڑھے 7 گھنٹے لگے ،ہم صبح سوا سات بجے کراچی پہنچے ہیں، ہمیں جان بوجھ کر سنسان سڑکوں پر دھکیلا گیا، یہ لوگ اقتدار کے نشے میں پاگل ہوچکے ہیں. کراچی اور حیدر آباد کی عوام بانی زندہ باد کا نعرہ لگا رہے ہیں، جلسہ تو ہوگا ۔
پی ٹی آئی کراچی کے صدر راجہ اظہر نے کہا کہ پولیس نے باغ جناح پر دھاوا بول کر کارکنوں کو منتشر کیا اور جلسے کا سامان بھی پھینک دیا گیا.
ادھرپی ٹی آئی کے مرکزی جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ جلسے کے لیے این او سی جاری ہونے کے باوجود پولیس نے گھیراؤ کیا، گرفتاریاں کی گئیں اور سٹیج و ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے والوں کو ہراساں کیا گیا،جس دن قوم نے محکومیت کی زندگی قبول نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا، یہ جبر خود بخود ختم ہو جائے گا، عدالت اور پارلیمان محض ڈھکوسلہ بن چکے ہیں اور ملک عملی طور پر ایک جیل کی صورت اختیار کر گیا ہے.






