اولمپکس کھیلوں کا آغاز ہو گیا، پاکستانی کھلاڑیوں کی بھی شاندار شرکت۔ 287

اولمپکس کھیلوں کا آغاز ہو گیا، پاکستانی کھلاڑیوں کی بھی شاندار شرکت

(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

کورونا کی وبا کے باعث ایک سال کے تعطل کے بعد اولمپکس 2020 کا آغاز ہو گیا ہے جس کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب کل رات جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں منعقد ہوئی۔ کورونا کے سبب تقریب میں عوام الناس کو شرکت کی اجازت نہیں تھی اور سٹیڈیم میں صرف اولمپکس حکام اور 15 سربراہان مملکت موجود تھے جبکہ مختلف ممالک کے دستوں میں کھلاڑیوں کی تعداد بھی کم تھی اور اکثریت نے ماسک پہن رکھے تھے۔ تقریب کے آغاز میں کورونا کا شکار بننے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔
تقریب کا باقاعدہ افتتاح جاپان کے شہنشاہ ناروہیٹو نے کیا جبکہ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے صدر تھامس بیک بھی وہاں موجود تھے۔ تقریب کے آغاز پر سٹیڈیم میں آتش بازی کا خوبصورت مظاہرہ کیا گیا اور سٹیڈیم رنگا رنگ روشنیوں میں نہا گیا جبکہ مختلف فنکاروں نے رقص بھی پیش کیا۔ پرفارمنس کے بعد سب سے پہلے یونان کا دستہ سٹیڈیم میں داخل ہوا جس کے بعد جاپانی حروف تہجی کے مطابق مختلف ملکوں کے دستوں کی آمد ہوئی۔ میزبان ملک جاپان کا دستہ سب سے آخر میں سٹیڈیم میں داخل ہوا۔
پاکستانی دستہ شوٹر خلیل اختر اور بیڈ منٹن کی کھلاڑی ماحور شہزاد کی قیادت میں سٹیڈیم میں داخل ہوا۔ یہ پہلی مرتبہ تھا کہ جب کوئی خاتون کھلاڑی اولمپکس میں پاکستانی دستے کی نمایندگی کر رہی تھیں۔ پاکستانی دستہ دس کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جن میں تین خواتین ہیں۔
اولمپکس 2020 میں 200 ممالک کے 11 ہزار سے زاید کھلاڑی شرکت کر رہے ہیں اور سب سے بڑا دستہ امریکہ کا ہے جو 613 کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں