(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
متحدہ عرب امارات نے بھی اپنی پہلی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرانے کا اعلان کر دیا،مرکزی بینک کے مطابق سال 2026 میں ملک کی پہلی ڈیجیٹل کرنسی متعارف کرائی جائے گی ۔
متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ ڈیجیٹل کرنسی سمیت مالیاتی خدمات کے شعبے کو ڈیجیٹل بنانے کیلئے بھی اقدامات کریں گے ، مصنوعی ذہانت اور بگ ڈیٹا سالوشنز کی خدمات حاصل کی جائیں گی ۔واضح رہے کہ چین نےچند ماہ قبل کرپٹو کرنسی کی دوڑ میں شریک ہونے کا اعلان کیا تھا جبکہ اسی سلسلے میں ڈیجیٹل یو آن بھی متعارف کرایا تھا ۔ ادھر امریکہ ، برطانیہ اور یورپی یونین بھی ڈیجیٹل کرنسیاں متعارف کرانے پر غور کر رہی ہیں ،اگر وہ بھی ڈیجیٹل کرنسیوں میں لین دین شروع کردیتے ہیں تو پھر اس کرنسی کی مارکیٹ میں استحکام لانے میں مدد ملے گی۔واضح رہے کہ دنیا کی سب سے پہلی ڈیجیٹل کرنسی بٹ کوائن تھی جو سال 2008 میں روایتی کرنسیوں کے متبادل کے طورپر متعارف کرائی گئی تھی ۔