Tehsil Headquarters Hospital Shabqadar 263

سیاسی مداخلت کی وجہ سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شبقدر دو سالوں سے ENT ڈاکٹر سے محروم۔ عوام اپنی بیماری کے علاج کے لئے عطائیوں کے پاس جانے پر مجبور

رپورٹ، چارسدہ۔ عدنان تابش (تازہ اخبار،پی این پی نیوز ایچ ڈی)

سیاسی مداخلت کی وجہ سے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال شبقدر دو سالوں سے ENT ڈاکٹر سے محروم۔ عوام اپنی بیماری کے علاج کے لئے عطائیوں کے پاس جانے پر مجبور۔
شبقدر اور گرد و نواح کے ساڑھے سات لاکھ سے زائد کی آبادی کا بوجھ اٹھانے والا تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سیاسی مداخلت کے باعث عرصہ دراز سے ENT ڈاکٹر کی سہولت سے محروم ہے۔ جس کے باعث ہسپتال آنے والے ناک، کان اور گلے کی بیماریوں میں مبتلا افراد واپس مایوس چلے جاتے ہیں، جنہیں ہسپتال کے باہر موجود ٹاؤٹس عطائیوں کے پاس لے جاتے ہیں۔ جس کے باعث لوگ نہ صرف مالی طور پر لُٹ جاتے ہیں۔ بلکہ کئی افراد مستقل طور پر سماعت کے مسئلے سے دوچار ہوچکے ہیں۔ اس بارے میں عوامی خدمت خلق نامی تنظیم کے چیئرمین ملک فقیر اللہ نے بتایا۔ کہ پہلے ہسپتال میں ایک انتہائی قابل ڈاکٹر سلیم اپنی ڈیوٹی سرنجام دیتا تھا۔ جس سے شبقدر کے لوگ بالکل مطمئن تھے۔ بدقسمتی سے ڈاکٹر سلیم کو علاقے کے چند مفاد پرستوں نے اپنی انا کی خاطر سیاست کی بھینٹ چڑھا دیا۔ اور اس کا تبادلہ یہاں سے کیا گیا۔ جس کے باعث شبقدر کے عوام ایک محنتی اور قابل ڈاکٹر سے محروم ہوگئے۔ کافی عرصے سے ہم اس مسئلے کے حل کے بارے میں عوامی نمائندوں اور ہیلتھ ڈائیرکٹریٹ سے رابطے کر رہے ہیں۔ تاہم کوئی بھی اس مسئلے کے حل میں سنجیدہ نہیں ہے۔ ملک فقیر اللہ نے بتایا کہ ہم اب بھی مطالبہ کر رہے ہیں، کہ ڈاکٹر سلیم کو واپس شبقدر لایا جائے یا اس کی جگہ کسی قابل ای این ٹی ڈاکٹر کی تعیناتی کی جائے تاکہ شبقدر کے عوام کی دکھوں کا مداوا ہو جائے، ورنہ اس کے بعد ہم بھرپور احتجاج پر مجبور ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں