سیدہ نمیرہ محسن شیرازی، امن، تعلیم اور فہمِ اسلام کی روشن سفیر
آپ ماہرِ نفسیات و تعلیم ہیں اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر امن، تعلیم اور فہمِ اسلام کے پیغام کی علمبردار کے طور پر جانی جاتی ہیں۔
سعودی عرب رپورٹ: عالم خان مہمند :پی این نیوز ایچ ڈی
دنیا کے بدلتے سیاسی و سماجی منظرنامے میں، جہاں مذہبی انتہاپسندی، تعصب اور عدم برداشت نے معاشروں کو تقسیم کر رکھا ہے، وہیں کچھ شخصیات اپنی علم دوستی، فکری وسعت اور انسانیت سے محبت کے ذریعے روشنی کی کرن بن کر ابھرتی ہیں۔ انہی درخشاں ناموں میں سے ایک نام سیدہ نمیرہ محسن شیرازی کا ہے جو نہ صرف پاکستان بلکہ سعودی عرب میں بھی اپنی علمی، سماجی اور بین الاقوامی خدمات کے باعث پہچانی جاتی ہیں۔
لاہور، پاکستان سے تعلق رکھنے والی سیدہ نمیرہ محسن شیرازی اس وقت سعودی عرب میں مقیم ہیں، جہاں وہ خواتین کی تعلیم، تربیت اور فلاحی سرگرمیوں میں بھرپور کردار ادا کر رہی ہیں۔
آپ ماہرِ نفسیات و تعلیم ہیں اور مختلف بین الاقوامی فورمز پر امن، تعلیم اور فہمِ اسلام کے پیغام کی علمبردار کے طور پر جانی جاتی ہیں۔
نمیرہ محسن شیرازی ریڈ پاکستان کی مشیر اورعالمی امن گروپ برائے خواتین (United Nations affiliated Women Peace Group) کی امن سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔ اس سے قبل وہ ندوہ العالمیہ شباب السلامیہ میں خواتین کے تربیتی پروگرامز کی ڈائریکٹر (رضاکارانہ حیثیت میں) رہ چکی ہیں۔
اسی کے ساتھ وہ اڈیپٹ کلب برائے خواتین کی چیئرپرسن اور پاکستان اوورسیز کمیونٹی گلوبل (شعبہ خواتین) کی صدر بھی ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ خواتین اگر تعلیم یافتہ اور باشعور ہوں تو وہ نہ صرف اپنے خاندان بلکہ پوری نسل کی تربیت بہتر انداز میں کر سکتی ہیں۔
سیدہ نمیرہ کا کام صرف سماجی سطح تک محدود نہیں، بلکہ وہ مختلف سیمینارز، ورکشاپس اور بین المذاہب ہم آہنگی کے پروگرامز کے ذریعے نوجوانوں میں مثبت سوچ، برداشت اور فہمِ اسلام کے فروغ کے لیے بھی سرگرم ہیں۔ ان کی کاوشوں کا مقصد ایک ایسا معاشرہ تشکیل دینا ہے جو علم، امن اور محبت کی بنیاد پر استوار ہو۔
بلاشبہ سیدہ نمیرہ محسن شیرازی اُن خواتین میں شامل ہیں جو اپنے کردار اور عزم کے ذریعے یہ ثابت کر رہی ہیں کہ اسلام کی اصل روح امن، تعلیم اور انسانیت سے محبت ہے اور یہی پیغام وہ اپنے کام کے ذریعے دنیا بھر میں عام کر رہی ہیں۔