انٹرویواہم خبریںبین الاقوامیبین الاقوامی خبریںپاکستانتصاویر اور مناظرتعلیمدلچسپ و عجیبملٹی میڈیا

سیدہ نمیرہ محسن صدر پی او سی گلوبل شعبہء خواتین سعودی عرب، بانی اڈیپٹ کلب کی جانب سے سعودی عرب کے ساحلی شہر دمام میں عید ملن برائے خواتین کا انعقاد

اسٹا ف رپورٹ : پی این پی نیوز ایچ ڈی

اسٹا ف رپورٹ : پی این پی نیوز ایچ ڈی

دمام سعودی عرب کاچمکتا تاج ہے۔ یہاں پر رہنے والے مختلف ممالک کے لوگ اس میں جڑے انمول نگینے ہیں۔ عید الضحٰی کا موقع ہو، نئے سال کی شروعات اور اپنے وطن سےدوری ، تو یہ احساس اور بھی بڑھ جاتا ہے۔ عید کی خوشیوں کو دوبالا کرتے ہوئے مورخہ 12 جولائی بروز ہفتہ 2025 کی شفق رنگ شام میں صدر پی او سی جی شعبہء خواتین سعودی عرب و بانی اڈیپٹ کلب سیدہ نمیرہ محسن شیرازی کی جانب سے اوورسیزخواتین کے لیے عید ملن کی رنگا رنگ تقریب سجائی گئی۔

ایسی تقاریب معاشرے کی فعال، تعلیم یافتہ اور ہنر مند خواتین کے لئےمل بیٹھنے کا ایک سنہری موقع ثابت ہوتی ہیں۔ رنگ برنگے پیراہن، بانہوں میں چھنکتی چوڑیاں اور حنا سے رچی ہتھیلیاں ، اس دعوت کو اور بھی حسین بنا رہی تھیں۔ خوشنما سجاوٹ ، پھولوں کی بیلوں اور جلتی بجھتی ستارہ سی بتیوں نے ہال کو کہکشاں بنا رکھا تھا۔لذیذ کھانوں کی اشتہا انگیز خوشبو۔خوشبووں کے اس دلفریب امتزاج نے اپنے وطن کی یاد دلادی۔

تقریب کا آغاز سورہ احزاب کی آیت نمبر 35 کی تلاوت سے کیا گیا۔ سیدہ نمیرہ محسن شیرازی نے سپاس نامہ پیش کیا۔ آپ نے اپنے خطاب میں عورتوں کی تعلیم ، تربیت اور باہمی مضبوط رابطے کی اہمیت پر زور دیا۔ آپ نے بتایا کہ ایک ذہنی و جسمانی طور پر مطمئن عورت ہی معاشرے کے تمام کردار احسن طریقے سے نبھا سکتی ہے۔ دیں کو دنیا سے الگ نہیں کیا جاسکتا کیونکہ فطرت کو زندگی سے الگ کرنا دنیا کے نظام سے بغاوت ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں آنے والے معیاری تعلیمی وتربیتی پروگرامز کا ذکر کیا۔ اڈیپٹ کلب کی صدر اور ہونہار طالبہ فاطمہ ذوالنوں نے کلب کا مقصد واضح کرتے ہوئے ٹیم کے بانی ارکان کا تعارف پیش کیا۔ افشاں ملہان نائب صدر پی او سی جی شعبہء خواتین سعودی عرب منطقہ شرقیہ کی معروف ماہر تعلیم اور ادبی شخصیت کو مشیرو بانی اڈپٹ کلب منتخب کیا گیا۔ ذنیرہ بخاری نائب چئر وومن، فاطمہ ذوالنون صدر اڈیپٹ کلب منتخب ہوئیں۔

مجلس کی صدارت محترمہ افشاں ملہان نے کی اور تمام خواتین اور بچوں کے مابین علمی اور تربیتی مقابلے کروائے۔ یہ محفل جو پانچ گھنٹے پر مشتمل تھی پلک جھپکنے میں گزر گئی۔ پروگرام کی کمپیئرنگ کے فرائض افشاں ملہان، شازیہ نعمان، اور فاطمہ ذوالنون نے نبھائے ۔ افشاں ملہان کے برجستہ جملوں اور خوبصورت انداز میزبانی نے محفل کو کشت زعفران بنائے رکھا۔ شازیہ نعمان نے اپنے فرائض بہترین طریقے سے نبھائے۔
فن تقریر کےمقابلوں میں ، میری پسندیدہ کتاب، اف یہ شوہر ہائے یہ سسرال، باشعور عورت کا کردار، میاں بیوی کا باہمی احترام و حقوق و فرائض جیسے دیگر موضوعات شامل تھے۔ بچوں میں مقابلہء مصوری منعقد کروایا گیا۔ خواتین اور بچوں نے تمام مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور ڈھیروں انعامات حاصل کئے۔
آئی ڈبلیو پی جی کوریا کی جانب سے دوستانہ امن مصوری کا مقابلہ بھی کروایا گیا۔ مقابلے شریک طلبا کے نام عشال شعیب، موسی شعیب، ریحاب عمر، ہانیہ شاداب،فاطمہ تھے۔

تقریری مقابلوں میں حصہ لینے والوں میں فائزہ ذوالقرنین امری عمر،طیبہ،حنا، صدف، عفت، فریدہ، روزینہ، عیشہ،ڈاکٹر بردہ، نادیہ، ندا، اریج فاروق، ثمینہ، عائشہ , حمنہ شامل تھیں۔

پروگرام کے دوران ریڈ پاکستان کی بانی اور سی ای او فاطمہ گیلانی کا پیغام بھی سنایا گیا۔ سیدہ نمیرہ محسن گزشتہ آٹھ سال سے ریڈ پاکستان سے وابستہ ہیں اور مختلف عہدوں پر تعیناتی کے بعد اب مشیر کے عہدے پر فائز ہیں۔ ریڈ پاکستان کا دنیا بھر میں کتب بینی کے فروغ میں ایک اہم حصہ ہے۔

اس حسین رات کا اختتام خوشی سے لبریز تھکاوٹ، لذیذ کھانے اور چائے کی روح پرور پیالی اور سیدہ نمیرہ محسن شیرازی کے محبت بھرے تشکرسے ہوا۔ شرکا نے اس پروگرام کے انعقاد پر اڈپٹ کلب کو خوب سراہا اور مستقبل میں ایسی مزید معیاری اور علمی تقریبات کا اہتمام کرنے پر زور دیا۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے