اہم خبریںبین الاقوامیبین الاقوامی خبریںپاکستانتصاویر اور مناظردلچسپ و عجیبملٹی میڈیا

سڈنی: بونڈائی ساحل پر فائرنگ، 15 افراد ہلاک حملہ آور باپ بیٹا نکلے

اسٹاف رپورٹ :پی این نیوز ایچ ڈی

آسٹریلوی حکام نے سڈنی کے ساحلی علاقے بونڈائی پر ہونے والی ہولناک فائرنگ کے واقعے میں ملوث حملہ آوروں کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔ پولیس کے مطابق حملہ آور باپ بیٹا تھے جن کی فائرنگ سے 15 افراد جان سے گئے، جبکہ درجنوں افراد زخمی ہوئے۔ جاں بحق افراد کی عمریں 10 سے 87 سال کے درمیان بتائی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق 50 سالہ ساجد اکرم موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کا 24 سالہ بیٹا نوید اکرم شدید زخمی حالت میں ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ آسٹریلوی میڈیا کے مطابق ساجد اکرم 1998 میں سٹوڈنٹ ویزا پر آسٹریلیا آیا تھا، جسے بعد ازاں پارٹنر ویزا میں تبدیل کر دیا گیا اور پھر اسے ریزیڈنٹ ریٹرن ویزے بھی جاری کیے گئے۔ ساجد اکرم کے پاس شکار کے لیے اسلحہ رکھنے کا لائسنس تھا اور وہ ایک گن کلب کا رکن بھی تھا۔

پولیس کے مطابق نوید اکرم آسٹریلیا میں ہی پیدا ہوا تھا اور پہلی بار 2019 میں آسٹریلوی حکام کی توجہ کا مرکز بنا، تاہم اس وقت سیکیورٹی اداروں کو اس سے کسی ممکنہ خطرے کا اندازہ نہیں ہو سکا تھا۔ آسٹریلوی نشریاتی ادارے اے بی سی کے مطابق نوید اکرم کے سڈنی میں قائم نام نہاد دولتِ اسلامیہ کے ایک مبینہ دہشت گرد سیل سے تعلقات کے شبہے پر بھی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

انسدادِ دہشت گردی پولیس کا کہنا ہے کہ شواہد سے ظاہر ہوتا ہے کہ حملہ آوروں نے نام نہاد دولتِ اسلامیہ سے وفاداری کا عہد کیا تھا۔ تفتیش کاروں کے مطابق دونوں ملزمان نے بونڈائی ساحل سے تقریباً 30 منٹ کی مسافت پر ایک پراپرٹی قلیل مدت کے لیے کرائے پر لی، جہاں حملے کی منصوبہ بندی کی گئی۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بونڈائی سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع حملہ آوروں کے خاندانی گھر پر بھی چھاپہ مارا۔ ایک پڑوسی نے میڈیا کو بتایا کہ فائرنگ کی خبر سن کر وہ حیران رہ گئے اور کہا، ہمیں یقین نہیں آ رہا تھا کہ یہ وہی لوگ ہو سکتے ہیں۔

آسٹریلوی وزیرِ اعظم انتھونی البانیز نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا ہے اور مکمل تحقیقات کی یقین دہانی کرائی ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے