وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا صحافی کالونی کا دورہ 280

وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کا صحافی کالونی کا دورہ

لاہور رپورٹ (بیوروچیف ایچ ایم فیاض،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )

 وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے لاہور پریس کلب ہاﺅسنگ سوسائٹی کے ایف بلاک میں جاری ترقیاتی کاموں کا جائزہ کے لئے صحافی کالونی کا دورہ کیا ۔ اس موقع پر ایف بلاک میں منعقدہ تقریب میں لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری ، سینئر نائب صدر جاوید فاروقی ، سیکرٹری جنرل زاہد چوہدری ، جوائنٹ سیکرٹری خواجہ نصیر ، ممبر گورننگ باڈی عمران شیخ ، حسنین چوہدری ، صدر پریس گیلری افضال طالب ، جنرل سیکرٹری عباس نقوی ، منیجنگ ڈائیریکٹر پنجاب جرنلسٹس ہاﺅسنگ فاﺅنڈیشن شاہدفرید ، واسا کے اعلی حکام، لاہور پریس کلب ہاﺅسنگ سوسائٹی مینجمنٹ کمیٹی اور سینئر صحافیوں سمیت رہائشیوں کی کثیرتعداد شریک ہوئی ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ایف بلاک میں جاری ترقیاتی کاموں اور بالخصوص سیوریج لائین کی تنصیب پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ صحافیوں کی فلاح وبہبود اور صحافی کالونی کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کرنے کے لئے پنجاب حکومت کوئی کسر نہ اٹھا رکھے گی ۔ معاون خصوصی نے کہاکہ ایف بلاک کے ترقیاتی کاموں کے لئے خاطر خواہ فنڈز کی فراہمی کے بعد بی بلاک اور فیز ٹو کے حوالے سے اقدامات کو عملی شکل دی جارہی ہے ۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے کہاکہ ہیلتھ کارڈز کی بھی فراہمی کا عمل بھی جلد شروع کردیاجائے گا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے معاون خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی صحافی دوستی اور معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کی معاونت کے باعث لاہور پریس کلب ہاﺅسنگ سوسائٹی کے دیرینہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پرحل کیا جارہاہے ۔ صدر لاہور پریس کلب نے وفاقی حکومت کی جانب سے روزگار پروگرام کے تحت صحافیوں کو آسان شرائط پر قرض کی فراہمی کے پروگرام کابھی خیر مقدم کیا۔ انھوں نے کہاکہ فیزٹو پراجیکٹ کے لئے حکومت نے زمین کی نشاندہی کا کام شروع کردیا ہے جو نہایت خوش آئند ہے ۔ تقریب کے اختتام پر صدرلاہور پریس کلب ارشد انصاری ، ممبران گورننگ باڈی اور مینجمنٹ کمیٹی کی جانب سے معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کویادگاری شیلڈ پیش کی گئی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں