اسلامی یکجہتی کھیلوں 2029 کی میزبانی ملیشیا کے سپرد، ریاض میں جاری چھٹی گیمز کے دوران اعلان
الریاض سعودی عرب عالم خان مہمند : پی این نیوز ایچ ڈی
اسلامی یکجہتی کھیلوں کی فیڈریشن (ISSA) نے اعلان کیا ہے کہ ساتویں اسلامی یکجہتی کھیلوں 2029 کی میزبانی ملیشیا کرے گا۔ یہ اعلان ریاض میں جاری چھٹی اسلامی یکجہتی کھیلوں کے موقع پر 14ویں جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران کیا گیا.
فیڈریشن کے عہدیداروں کے مطابق ملیشیا کو یہ اعزاز اس کے مضبوط اسپورٹس انفراسٹرکچر، انتظامی صلاحیتوں اور بین الاقوامی ایونٹس کے کامیاب انعقاد کے تجربے کی بنیاد پر دیا گیا ہے.
یہ فیصلہ اسلامی ممالک کے درمیان کھیلوں کے فروغ، باہمی اتحاد اور یکجہتی کے مشن کی ایک بڑی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے.
جنرل اسمبلی میں تمام رکن ممالک کے نمائندوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ملیشیا کا متنوع ثقافتی ورثہ اور جدید سہولیات اسلامی کھیلوں کے اگلے ایڈیشن کو یادگار بنائیں گی.
واضح رہے کہ اسلامی یکجہتی کھیلوں کا مقصد مسلم ممالک کے درمیان دوستی، تعاون اور کھیلوں کی ترقی کو فروغ دینا ہے.
اس وقت ریاض میں جاری چھٹے اسلامی یکجہتی کھیلوں میں 57 سے زائد ممالک کے ایتھلیٹس مختلف کھیلوں میں حصہ لے رہے ہیں.




