(سٹاف رپورٹ،تازہ اخبار،پاک نیوز پوائنٹ )
ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں تعلقات کی موجودہ سطح کو وسعت دینے پر اتفاق کرتے ہوئے تجارت اور معیشت کے شعبے میں مزید پیش رفت کیلئے دوطرفہ تعلقات کو ادارہ جاتی سطح پر استوار کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔صدر مملکت نے سعودی وزیر خارجہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے اور برادر ملک کے ساتھ معاشی اور تجارتی تعلقات بڑھانے کا خواہاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت کا وژن 2030ء، سرسبز سعودی عرب اور سرسبز مشرق وسطیٰ منصوبے لائقِ تحسین ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ کورونا کے دوران پاکستانی کمیونٹی کا خیال رکھنے پر سعودی قیادت کے شکر گزار ہیں، عالمی وبا کے دوران حج کے کامیاب انتظامات پر سعودی حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔صدر مملکت نے ملاقات میں بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں معصوم مسلمانوں پر بھارتی ظلم و ستم پر روشنی ڈالی اور کہا کہ بین الاقوامی برادری کشمیر میں بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں رکوائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو خود ارادیت دینے کے لئے کردار ادا کرے۔
صدر ڈاکٹر عارف علوی سعودی وزیر خارجہ کو خادمین حرمین شریفین، شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے لئے نیک تمناؤں کا پیغام بھی دیا۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ سعودی وزیر خارجہ کے دورے سے دو طرفہ تعلقات مزید مضبوط ہو ں گے۔اس موقع پر سعودی وزیر خارجہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے مابین حقیقی طور پر برادرانہ تعلقات ہیں،۔ سعودی عرب دو طرفہ تعاون کی موجودہ سطح کو برقرار رکھنے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی قیادت پاکستان کے ساتھ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتی ہے اور دونوں برادر ممالک کے مابین اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہاں ہے