الریاض میزبانی کے لیے تیار،اسلامی یکجہتی کھیلوں کا چھٹا ایڈیشن سات نومبر سے آغاز کرے گا
ریاض رپورٹ عالم خان مہمند : پی این نیوز ایچ ڈی
اسلامی یکجہتی کھیلوں کا چھٹا ایڈیشن 7 نومبر سے سعودی عرب کے دارالحکومت الریاض میں منعقد ہوگا۔ یہ عالمی سطح کا اسلامی کھیلوں کا سب سے بڑا ایونٹ ہے، جس میں 57 ممالک کے کھلاڑی شرکت کریں گے.
ریاض 2025 میں 3000 سے زائد ایتھلیٹس مختلف کھیلوں میں اپنی مہارت کا مظاہرہ کریں گے۔ پاکستان سے 55 ایتھلیٹ مقابلوں میں حصہ لینگے ، مجموعی طور پر 23 مختلف کھیلوں کے مقابلے منعقد کیے جائیں گے جن میں ایتھلیٹکس، فٹبال، تیراکی، کشتی، ویٹ لفٹنگ، شوٹنگ، اور دیگر کھیل شامل ہیں.
اسلامی سولیڈیریٹی اسپورٹس فیڈریشن (ISSF) کے زیراہتمام ہونے والا یہ ایونٹ امن، اتحاد اور بھائی چارے کے فروغ کا علمبردار سمجھا جاتا ہے.
گزشتہ ایڈیشنز پر نظر ڈالیں تو اسلامی یکجہتی کھیلوں کا پہلا ایڈیشن 2005 میں مکہ، مدینہ، جدہ اور طائف میں منعقد ہوا جو ایک تاریخی کامیابی ثابت ہوا.
دوسرا ایڈیشن 2010 میں تہران میں ہونا تھا مگر منسوخ ہوگیا، تاہم 2013 میں انڈونیشیا کے پالمبینگ میں تیسرے ایڈیشن نے اس سلسلے کو دوبارہ زندہ کیا.
چوتھا ایڈیشن 2017 میں آذربائیجان کے باکو میں شاندار انداز میں منعقد ہوا، جبکہ پانچواں ایڈیشن 2022 میں ترکی کے شہر کونیا میں ہوا جو کورونا کے بعد ایک نئی امید اور استقامت کی علامت بنا۔
ISG ریاض 2025 نہ صرف اسلامی ممالک کے درمیان کھیلوں کے روابط کو مضبوط کرے گا بلکہ یہ ایونٹ اسلامی دنیا میں اتحاد، تعاون اور مثبت مقابلے کی روح کو بھی نئی زندگی بخشے گا۔




