ریاض: مجلسِ پاکستان کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر محمد آصف قریشی کے اعزاز میں استقبالیہ
رپورٹ : رپورٹ عالم خان مہمند پی این نیوز ایچ ڈی
ریاض میں مجلسِ پاکستان کے زیرِ اہتمام شہر کے ذروہ ہال میں سابق صدر ڈاکٹر محمد آصف قریشی کے اعزاز میں پُروقار استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کی میزبانی مجلسِ پاکستان کے صدر رانا عبد الروف، سرپرستِ اعلیٰ سید ثاقب زبیر اور جنرل سیکریٹری رانا عمر فاروق نے کی۔
تقریب میں رانا خالد اکرم، چوہدری سجاد، چوہدری خادم حسین، عمر فاروق کیلانی اور انعام خان نے خصوصی شرکت کی، جبکہ اہلیانِ ریاض اور مجلسِ پاکستان کے اراکین کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے ڈاکٹر محمد آصف قریشی کی سماجی، فلاحی اور تنظیمی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔ مقررین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر محمد آصف قریشی نے اپنے دورِ صدارت میں مجلسِ پاکستان کو فعال اور منظم بنانے کے ساتھ ساتھ پاکستانی کمیونٹی کو متحد کرنے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ ان کی خدمات مجلسِ پاکستان کی تاریخ کا روشن باب ہیں، جو ہمیشہ یاد رکھے جائیں گے۔
اس موقع پر ڈاکٹر محمد آصف قریشی نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے مجلسِ پاکستان کی قیادت اور اراکین کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ انہیں ہمیشہ کمیونٹی کی خدمت پر فخر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مجلسِ پاکستان آئندہ بھی اسی جذبے کے ساتھ پاکستانی کمیونٹی کی فلاح و بہبود کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرتی رہے گی۔





