اہم خبریںپاکستانتصاویر اور مناظردلچسپ و عجیبملٹی میڈیا

ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرما کے ایک طاقتور سسٹم کے زیرِ اثر بارش اور برفباری کی پیشگوئی

سٹاف رپورٹ :پی این نیوز ایچ ڈی

ملک کے مختلف حصوں میں موسم سرما کے ایک طاقتور سسٹم کے زیرِ اثر بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی گئی ہے، جس کے باعث سردی کی شدت میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔ نیشنل اور صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز نے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفباری کے خطرات کے پیشِ نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں آج سے یکم جنوری تک وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں، جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں آج سے 2 جنوری تک بادل برسنے کا امکان ہے۔ لاہور، گجرات، گوجرانوالہ، فیصل آباد اور گردونواح میں ہلکی سے درمیانی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔ کراچی میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش 30 دسمبر کو ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس کے بعد درجہ حرارت میں کمی متوقع ہے۔

پی ڈی ایم اے بلوچستان کے مطابق آج رات سے یکم جنوری کے دوران کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین اور قلعہ عبداللہ میں بارش کا امکان ہے، جبکہ قلعہ سیف اللہ، نوشکی، چاغی، ہرنائی، بارکھان، سبی اور لورالائی میں بھی بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ موسیٰ خیل، دکی، گوادر، حب، لسبیلہ، کیچ، آواران اور پنجگور میں بارش ہونے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ خضدار، قلات، مستونگ، کچھی، واشک، خاران، سوراب، ژوب اور شیرانی کے علاقوں میں بھی بارش کا امکان ہے۔

پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ اس دوران کوئٹہ، زیارت، قلات، پشین اور شمالی اضلاع کے پہاڑی علاقوں میں برفباری بھی متوقع ہے، جس کے باعث پہاڑی راستوں پر پھسلن، ٹریفک کی روانی متاثر ہونے اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بڑھ سکتے ہیں۔ سیاحوں اور مقامی آبادی کو غیر ضروری سفر سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انتظامیہ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے، مشینری اور ریسکیو ٹیموں کو تیار رکھنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں، جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ موسمی صورتحال کے پیشِ نظر احتیاط برتیں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے سے قبل موسم اور سڑکوں کی صورتحال کی تصدیق ضرور کریں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

error: مواد محفوظ ہے