انٹرویواہم خبریںپاکستانتصاویر اور مناظردلچسپ و عجیبسیاستصحتملٹی میڈیا

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا بعض شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار

وزیراعلیٰ مریم نواز نے آوارہ کتوں کے کاٹنے اور مین ہول میں گر کر ہونے والی ہلاکتوں کے واقعات روکنے میں ناکامی پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی سخت سرزنش کی

اسٹاف رپورٹ: پی این نیوز ایچ ڈی

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں غیر معیاری کارکردگی اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برتنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں گورننس اور صفائی کے انتظامات کی نگرانی مزید سخت کر دی۔

مریم نواز کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر کے لئے مقرر کردہ ”کی پرفارمنس انڈیکیٹر“کی کڑی جانچ پڑتال جاری ہے، وزیراعلیٰ کی ہدایت پر صوبے کے ہر ضلع میں گورننس کے معیار کی مکمل نگرانی کے لئے خفیہ ٹیمیں بھیجی جائیں گی۔
پنجاب حکومت نے غیر معیاری کارکردگی دکھانے والے ستھرا پنجاب کے نجی ٹھیکیداروں کے خلاف فوری کارروائی کی وارننگ دے دی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے بعض شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب کا جو کنٹریکٹر معیاری کام نہیں کرے گا اس کی ادائیگی فوری طور پر معطل ہوگی، صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہ ہونے پر ستھرا پنجاب کنٹریکٹ دوبارہ کرنے پر غور ہوگا۔

انہوں نے پنجاب کی ہر شہر میں صفائی کے معیار کو بہتر سے بہترین بنانے کے لئے کوڑے دان کی صفائی اور ویسٹ انکلوژر بنانے کا حکم دیا ہے اور شہروں کا ماحول صاف اور خوشگوار رکھنے کے لئے ویسٹ انکلوژرکے گرد چاردیواری بنا کر مکمل طور پر بند کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اس حوالے سے ہدایت کی گئی ہے کہ پنجاب بھر میں کوڑے دان روزانہ دھوئے جائیں،صفائی میں ذرا سی کوتاہی بھی برداشت نہیں ہوگی۔

اس کے علاوہ پارکنگ ایریاز، بس سٹینڈز، اڈوں اور تمام پبلک مقامات کی مثالی صفائی کا حکم دیا گیا ہے، پنجاب کے ہر شہر کے داخلی و خارجی راستوں کی صفائی اور گرین بیلٹ کے قیام کیلئے بھرپور اقدامات کے احکامات جاری کئے ہیں، ہر چھوٹے بڑے شہر میں گرین بیلٹس کی مرمت، باقاعدہ شجرکاری اور گھاس وغیرہ لگوانے کا حکم دیا ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے آوارہ کتوں کے کاٹنے اور مین ہول میں گر کر ہونے والی ہلاکتوں کے واقعات روکنے میں ناکامی پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی سخت سرزنش کی، بعض اضلاع کے چند سرکاری ہسپتالوں میں پوری طرح فری میڈیسن نہ ملنے کا بھی سخت نوٹس لیا گیا ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے