حرمین شریفین کی حفاظت ہمارے لیے سعادت ہے: سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان
عمران خان نے سعودی عرب اور پاکستان کے معاہدے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر روابط تیز اور بحال رکھنے چاہییں
اسٹاف رپورٹ :پی این نیوز ایچ ڈی
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم پاکستان عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے سعودی عرب اور پاکستان کے معاہدے کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو عالمی سطح پر روابط تیز اور بحال رکھنے چاہییں۔ بانی پی ٹی آئی نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ حرمین شریفین کی حفاظت پاکستان کے لیے سعادت ہے۔
علیمہ خان نے کہا ہے کہ عمران خان نے چار اہم پیغامات دیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے 27 ستمبر کے جلسے کو قوم کی آزادی کے لیے قرار دیتے ہوئے پوری قوم سے شرکت کی اپیل کی ہے۔ جلسے کی ذمہ داری علی امین گنڈا پور اور جنید اکبر کو سونپی گئی ہے۔ علیمہ خان کے مطابق سابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ میڈیا کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے اور یہ جلسہ ہر صورت کامیاب ہونا چاہیے۔
توشہ خانہ کیس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ ایک گواہ جھوٹا ثابت ہو چکا ہے اور سابق ملٹری سیکریٹری نے بھی تمام دستاویزات کو درست قرار دیا ہے، اس لیے امکان ہے کہ آئندہ دو تین سماعتوں میں کیس ختم ہو جائے اور بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو رہائی مل جائے۔
علیمہ خان نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے اخبار بھی پڑھے اور کرکٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے یاد دلایا کہ 2021 میں پاکستان نے بھارت کو دس وکٹوں سے شکست دی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ گزشتہ تین برسوں سے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کی گئی مگر فائدہ نہ ہوا، اس لیے اب پارٹی رہنماؤں کو ہدایت کی گئی ہے کہ کوئی بات نہ کی جائے، جو بھی بات کرنا چاہے وہ جیل آ کر کرے۔